بارش اور برفباری سے رابطہ سڑکیں بند، بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق

697
ایبٹ آباد: گلیات میںشدید برفباری کے باعث پھنسی گاڑی کو ہیوی مشینری کے ذریعے نکالا جارہا ہے

لاہور،اسلام آباد،فیصل آباد،باجوڑ،کلر سیداں، مری(آن لائن+ اے پی پی)ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ پھر شروع،رابطہ سڑکیں بند، چھتیں گرنے سے 2 افراد جاں بحق، 4 افراد زخمی ہو گئے ۔ چنیوٹ، دیپالپور میں چھتیں گرنے سے 2 سالہ مریم، 50 سالہ امین دم توڑ گئے جب کہ لیسکو کے 39 فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ بارش اور برف باری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ، لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے جبکہ بالائی علاقوں کے پہاڑ برف سے ڈھک گئے ، پنجاب میں سرد ہواؤں کے ساتھ ساتھ ہلکی بارش نے موسم مزید سرد کر دیا ، آزاد کشمیر میں بھی بادل برس پڑے ، وادی گریس ، ملکہ کوہسار مری بھی برف باری کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا۔گلیات میں مزید ایک فٹ برف باری سے نظام زندگی مفلوج ہوگی، مین مری نتھیا گلی روڈ اور لنک روڈ بھی بند ہوگئے ، مری ایکسپریس وے پر بھی برف باری سے مرکزی شاہراہ نے سفید چادر اوڑھ لی ، موٹر وے پولیس نے بھاری مشینری کے ذریعے برف ہٹا کر شاہراہ کو سیاحوں کی آمد ورفت کے لیے یقینی بنایا۔ وادی شونٹھر ، وادی جاگراں اور وادی لیپہ میں شدید برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔ فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران خستہ حال 4 مکانوں کی چھتیں گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔ باجوڑ کی تحصیل ماموند میں مکان کی چھت گرنے سے 7بچے جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے ۔ حادثہ بارش کے باعث پیش آیا۔روات کے نواحی علاقے کورٹانہ کی جامع مسجد کے خطیب علامہ مولانا گل شہزاد کے 2 بچے نئی تعمیر شدہ دیوار گرنے کی وجہ سے جاں بحق ہو گئے۔دونوں بچے اشیاء خریدنے کے لیے گھر سے نکلے تھے کہ نئی تعمیر ہونے والی دیوار ان پر گر گئی جس کی وجہ سے دونوں بچے موقع پر جاں بحق ہوگئے۔گزشتہ شب لارنس کالج بائی پاس روڈ پر شدید برفباری کے باعث 5سیاح اور ان کی گاڑی برف میں پھنس گئی جس کے باعث لاہور کے سیاح شدیدمشکلات سے دوچار ہوگئے ، اطلاع ملنے پر ریکسیو1122 مری کے کارکن موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے برف میں پھنسے ہوئے سیاحوں اور ان کی گاڑی کو بحفاظت نکال لیا۔