ایس پی عمرکوٹ اعجاز شیخ غیر سنجیدہ اور نان پروفیشنل آفیسر قرار، آئی جی سندھ

460

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ کلیم امام نے ایس پی عمرکوٹ اعجاز شیخ کو غیر سنجیدہ اور نان پروفیشنل آفیسر قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔ آئی جی سندھ کلیم امام نے وفاقی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ آئی جی آفس کی جانب سے اعجاز شیخ کے خلاف تین انکوائریز کرائی گئی ہیں، جس میں وہ قصور وار پائے گئے ہیں،الزام ثابت ہونے پر چیف سیکریٹری کو خط لکھ کر کارروائی کے لئے سفارش کی جارہی ہے۔

خط میں بتایا گیا ہے کہ اعجاز شیخ نے پی پی رہنما سکندرراہپوٹو کو بغیر اجازت کے اسکواڈ کی گاڑی دی،اس اسکواڈ کی گاڑی کی خراب ڈرائیونگ کی وجہ سے جسٹس گلزار کی گاڑی کے ساتھ اگست میں عمرکوٹ میں حادثہ پیش آنے سے بچا۔خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی رہنما پنجومل بھیل کے اپنی گاڑی سے شہریوں کے کچلنے کے معاملے میں اعجاز شیخ نے غیر قانونی ساتھ دیا اس کے علاوہ عمر کوٹ میں چالیس ایکڑ زمین کے تنازعے پر بھی اعجاز شیخ فریق بنے۔

آئی جی سندھ کے خط میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ عمر کوٹ میں اعجاز شیخ کی کمانڈ میں ایس ایچ اوز اور ڈی ایس پیز منشیات فروشوں کی سرپرستی کرتے ہیں لہذا ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔آئی جی آفس کی جانب سے چیف سیکریٹری کو اعجاز شیخ کے خلاف لکھے گئے خطوط کی کاپیاں بھی منسلک کردی گئی ہیں۔