وزیراعظم عمران خان سےبرطرف وزراعاطف خان اور شہرام ترکئی کی ملاقات

775

وزیرِ اعظم عمران خان سے خیبرپختونخوا کابینہ سے برطرف کیے گئے وزراء عاطف خان اور شہرام خان ترکئی نے ملاقات کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتوں سے برطرفی کے بعدعاطف خان اور شہرام ترکئی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں دونوں نے اپنے اوپر لگے الزامات سے آگاہ کیا۔عاطف خان اور شہرام ترکئی نےوزیر اعلیٰ محمود خان کے خلاف چارج شیٹ بھی پیش کی۔

برطرف وزراء کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت محنت سے صوبے میں پارٹی و حکومت کی ساکھ بنائی،ہماری کارکردگی کے باعث پارٹی نے صوبے میں دو تہائی اکثریت حاصل کی ،لوگ خیبرپختونخوا کی مثالیں دیتے تھے لیکن اپنے سامنے خراب ہوتی صورتحال دیکھ کر چپ نہیں رہ سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی کارکردگی پر کابینہ اور اسمبلی کے کئی ارکان سوالات اٹھاتے رہے، جب کوئی مناسب جواب نہ ملا تو نوبت یہاں تک پہنچی۔

اس موقع پر عاطف خان کا کہنا تھا کہ صوبے کی وزارت اعلیٰ میں کوئی دلچپسی نہیں،تحریک انصاف کا کارکن ہوں اور آپ کی ہدایت پر پارٹی کے لیے کام جاری رکھوں گا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے عاطف خان اور شہرام ترکئی پرپارٹی معاملات میڈیا میں لے جانے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ لوگوں کو کسی صورت پارٹی ڈسپلن سے باہرنہیں جانا چاہیے تھا۔

وزیر اعظم کا کہناتھا کہ خیبر پختونخوا میں آپ دونوں میرے سب سے بااعتماد اورباصلاحیت وزراء تھے، آپ لوگوں نے ماضی میں بھی اپنے کام سے خود کو منوایا لیکن پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی سے آپ دونوں نے مجھے بہت افسردہ کیا اور آپ دونوں کو وزراتوں سے ہٹانے کا فیصلہ بہت بوجھل دل کے ساتھ کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزراء عاطف خان اورشہرام ترکئی کو کابینہ میں واپسی کاعندیہ دیا اور دونوں کو پارٹی ڈسپلن میں رہتے ہوئے کام کرنے کی ہدایت کی۔