وزیراعظم سے آئی جی سندھ کی ملاقات، کلیم امام کو سیکرٹری اینٹی نارکوٹکس بنانے کا فیصلہ

278

وزیراعظم عمران خان نے آئی جی سندھ کلیم امام کو سیکرٹری اینٹی نارکوٹکس تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعظم عمران خان نے آئی جی سندھ کلیم امام کو اسلام آباد میں طلب کیا اور آج ون آن ون ملاقات کی، آئی جی سندھ نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور پولیسنگ نظام پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔

نجی ٹی وی نے اپنےذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کلیم  امام نے کہا کہ میں نے کبھی ذاتیات کو میرٹ پر ترجیح نہیں دی، حکومت پاکستان کا ملازم ہوں، پاکستان کے آئین کے مطابق کام کرنے کا پابند ہوں، اس لیے حکومت مجھے جہاں تعینات کرے، مجھے کوئی اعتراض نہیں۔

وزیراعظم نے ملاقات میں آئی جی سندھ کو وفاق میں اہم ذمہ داری دینے کا عندیہ دیا جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ کلیم امام کو سیکرٹری اینٹی نارکوٹکس تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔