دہری شہریت کیس:عدالت نے فیصل واوڈا کو نوٹس جاری کردیا

789

اسلام آباد ہائی کورٹ نے دہری شہریت پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کو نوٹس جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس عامر فارووق نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف دہری شہریت چھپانے پر نااہلی کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار بیرسٹر جہانگیر خان جدون نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن میں دہری شہریت کے حوالے سے جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا تھا۔

جس پر جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن میں نامزدگی فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ کیا تھی؟

درخواست گزار نے کہا کہ نامزدگی فارمز جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 جون تھی،اس موقع پر وکیل نے فیصل واوڈا کی جانب سے جمع کرایا گیا فارم بھی پڑھ کر سنایا۔

یہ بھی پڑھیں : جھوٹا حلف نامہ جمع کروانے پر فیصل واوڈا کے خلاف درخواست دائر

جسٹس عامر فاروق نے سوال کیا کہ الیکشن کمیشن میں جو حلف نامہ جمع کرایا گیا تھا کیا وہ درست نہیں تھا؟

جہانگیر خان جدون نے جواب دیا کہ فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن میں جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا تھا۔

 سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق فیصل واوڈا کو دہری شہریت چھوڑ کر نامزدگی فارم جمع کرانا تھا، عدالت سے استدعا ہے کہ فیصل واوڈا کو نااہل کیا جائے۔

بعد ازاں جسٹس عامر فاروق نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ نوٹس کردیتے ہیں 2 ہفتوں میں جواب آجائے تو دیکھتے ہیں جبکہ عدالت نے فیصل واوڈا کو بطور وزیر کام سے فوری روکنے کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کردیا۔

عدالت نے دہری شہریت چھپانے پر نااہلی کیس میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 فروری تک جواب طلب کیا ہے۔