جے یو آئی (ف) رہنما کے خلاف بچے سے زیادتی کے ملزم کو پناہ دینے پر مقدمہ درج

369

جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنمامفتی کفایت اللہ کیخلاف مانسہرہ میں بچے سے مدرسے کے اندر مبینہ زیادتی کے ملزم کو پناہ دینے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابقمفتی کفایت اللہ پر ملزم کو پناہ دینےپرایف آئی آر درج کی گئی ہے،ایف آئی آر کے مطابق مفتی کفایت کے خلاف مرکزی ملزم قاری شمس کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے اور پناہ دینے کا الزام ہے۔

مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، تاہم ابھی تک ان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق پولیس کو ملزم کی گرفتاری سے دور رکھنے اور سرکاری کام میں غیر ضروری رکاوٹ ڈالنے پر 255/34 دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزم قاری شمس الدین نے دوران تفتیش انکشاف کیا تھا کہ وہ گرفتاری دینا چاہتا ہے مگر مفتی کفایت اللہ اور اس کے بھائی عبدالمالک نے اسے روکے رکھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال مانسہرہ میں مدرسے کے بچے سے مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا،جس کے بعد متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ مفتی کفایت اللہ اور بھائی عبدالمالک پر مرکزی ملزم قاری شمس کو پناہ دینے کا الزام ہے۔

جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما  مفتی کفایت اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے دن سے متاثرہ فریق کے ساتھ کھڑا ہوں، صلح میں دلچسپی نہیں اور نہ ہی کوئی دباؤ ڈالا، ملزم کو کیفر کردار تک پہنچانے میں بھی اپنا کردار ادا کروں گا۔