امیر البحر کی وزیراعظم سری لنکا، فوجی سربراہ سے ملاقات، تنصیبا ت کا دورہ

396
کولمبو: امیر البحر ظفر محمود سری لنکن وزیراعظم سے ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سری لنکا کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران امیرالبحر نے سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پاکسہ، سیکرٹری دفاع میجر جنرل (ر) کمال گنارنے اور مسلح افواج کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔ سری لنکا کے وزیر اعظم اور سیکرٹری دفاع کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران علاقائی سلامتی و استحکام اور باہمی دلچسپی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سری لنکا کی سول و عسکری قیادت نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں پاکستان کے اقدامات اورکردار کو سراہا۔ کولمبو میں نیول، آرمی اور ائر فورس ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر امیرالبحر کا متعلقہ سروس کمانڈزنے پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیاگیا۔ عسکری قیادت سے بات چیت کے دوران سمندری تحفظ اور دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔