افغان طالبان نے امریکی فوجی طیارے کو مار گرانے کی ذمہ داری قبول کرلی

369

افغان طالبان نےغزنی کےعلاقے میں گر کر تباہ ہونے والے امریکی فوجی طیارے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان طالبان نے امریکی فوجی طیارے کو تباہ کرنے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ طیارے کو صوبہ غزنی میں طالبان کے زیر کنٹرول علاقے میں مار گرایا تھا اور جہاز میں سوار تمام عملے کو ہلاک کردیا گیا ہے تاہم نیٹو نے ابھی تک اس حادثے پر باضابطہ طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

امریکی فضائیہ کے چیف آف اسٹاف جنرل ڈیو گولڈفین نےایک نجی نیوز چینل کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ طیارہ امریکی فضائیہ کا ای۔11 فوجی ہوائی جہاز تھا جو طالبان کے زیر کنٹرول علاقے میں گر کر تباہ ہوا تھا تاہم جنرل ڈیو گولڈ فین اس بات کی تصدیق کرنے سے قاصر رہے کہ افغان طالبان نے طیارے کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے  ممکنہ ہلاکتوں کے بارے میں بھی تفصیلات دینے سے معذرت کرلی اور کہا کہ جیسے ہی ہمارے سامنےصحیح حقائق آئیں گے، میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ ان کی تفصیلات سے آپ کو آگاہ کیا جائے گا۔

کابل میں ایک امریکی ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کی تفتیش جاری ہے۔ اس بات کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں کہ حادثہ دشمن کے حملے سے ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی حقائق سامنے آئیں گے، ہم اضافی معلومات فراہم کریں گے۔ طالبان کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔

خیال رہے کہ طالبان سے وابستہ اکاؤنٹ کے ذریعہ شائع ہونے والی ویڈیو میں تباہ شدہ طیارہ افغانستان میں امریکی افواج کا مواصلاتی مقاصد میں استعمال ہونے والے طیارے کی طرح دکھائی دیتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق طیارے میں سی آئی اے کے اہم ممبران سوار تھے جو تمام حادثے میں ہلاک ہوگئے۔