امیرالبحر نے سری لنکا کے وزیر اعظم اور سیکریٹری دفاع سے ملا قاتیںکیں ،

183

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سری لنکا کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران امیرالبحر نے سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پاکسہ،سیکریٹری دفاع میجر جنرل (ر) کمال گنارنے اور مسلح ا فواج کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔

سری لنکا کے وزیر اعظم اور سیکریٹری دفاع کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران علاقائی سلامتی و استحکام اور باہمی دلچسپی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات کو تسلیم کیا۔

معززین نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے اقدامات اورکردار کو سراہا۔کولمبو میں نیول ، آرمی اورایئر فورس ہیڈ کوارٹر زپہنچنے پر ، ایڈمرل کا متعلقہ سروس کمانڈزنے پرتپاک استقبال کیا اور انھیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیاگیا۔ نیول چیف نے سری لنکاکی بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل پیال ڈی سلوا ، بری فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شیوندرا سلوا اور فضائیہ کے کمانڈر ایئر مارشل سمنگالا ڈیاس سے ملاقات کی۔

بات چیت کے دوران ، سمندری تحفظ اور دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے سمندری دہشت گردی سمیت بحری قزاقی، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی اور منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لئے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا۔ معززین نے مختلف جہتوں میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا اور مختلف دفاعی شعبوں میں باہمی روابط کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

امیرالبحر نے سری لنکا کے کمانڈر سدرن نیول ایریا ریئر ایڈمرل قصپا پاو¿ل ، کمانڈر ایسٹرن نیول ایریا ریئر ایڈمرل میرل وکرماسنگھے اور نیول ڈاکیارڈ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل امور پر بریفنگ دی گئی۔ نیول چیف نے مختلف بحری امور میں سری لنکا بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔نیول چیف کاحالیہ دورہ دونوں ممالک کے مابین عموماً اور مسلح افواج کے مابین خصوصاً دفاعی تعلقات میں مزید اضافے کاباعث ہوگا۔