مراد علی شاہ عمران خان ملاقات :آئی جی سندھ کی تبدیلی پر اتفاق

651
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وزیراعظم عمران خان سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مابین طویل ملاقات کے بعد وفاق اورسندھ حکومت کے مابین اختلافی امور کے حل میں اہم پیشرفت ہوئی ہے،گورنرہاؤس میں ہونے والی وزیراعظم اوروزیراعلیٰ کی ملاقات میں صوبے میں نیا آئی جی سندھ لگانے سمیت دیگر کئی اہم امور پر اتفاق کرلیا گیا ہے،امکان ہے کہ وفاقی حکومت جلد صوبائی حکومت کی جانب سے آئی جی سندھ کے لیے بھجوائے گئے ناموں میں سے کسی ایک کوآئی جی سندھ تعینات کرے گی۔اس امرپراتفاق رائے پیرکو گورنر ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کوصوبے میں امن و امان،آئی جی سندھ ڈاکٹرکلیم امام کے حوالے سے سندھ کابینہ کے تحفظات اوردیگرامورسے تفصیلی طورپرآگاہ کیا ۔وزیراعلیٰ سندھ نے اصرار کیا کہ سندھ میں نیا آئی جی صوبائی حکومت کی جانب سے بھجوائے گئے ناموں میں سے لیا جائے۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے گورنرسندھ عمران اسماعیل اوروزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی اورصوبے میں آٹے کے بحران، ترقیاتی منصوبوں، سندھ کووفاقی حکومت کی طرف سے ملنے والے فنڈز میں حائل مشکلات سمیت دیگرا مورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ وفاق اورسندھ حکومت مل کرصوبے کی ترقی کے لیے کام کریں گے اورتمام امورکومشاورت سے طے کیا جائے گا ۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاق کے زیرانتظام منصوبوں میں سندھ حکومت کی تجاویزکو شامل کیا جائے گا۔ ملاقات میں وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی طرف سے کراچی کو مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کے لیے سندھ حکومت کی تجاویز پر غورکی یقین دہانی کرائی اورکہاکہ باہمی مشاورت سے ساتھ مل کرکراچی کی ترقی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان جب پیرکوکراچی پہنچے توگورنرعمران اسماعیل اوروزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے فیصل بیس پر ان کا استقبال کیا۔علاوہ ازیںوزیر اعظم عمران خان نے گورنرہاؤس کراچی میں ’’کامیاب جوان پروگرام‘‘ کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مافیا ملک میں پیسہ بنانے کے لیے مہنگائی کرتا ہے،ملک میں جو بھی بڑے بڑے مافیا ہیںایک ایک کو پکڑیں گے،ان کو نہیں چھوڑیں گے، نوجوانوں پر جتنا پیسہ خرچ کریں گے اتنا ہی ملک کامیاب ہوگا، ہم 50 ہزار اسکالرشپ دے رہے ہیں، نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں، قوم پر مشکل اور آزمائش کا وقت ہے ،اس سے گھبراتے نہیں بلکہ سیکھتے ہیں ،میں نے جتنے بھی خواب دیکھے سب پورے ہوئے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان آبادی ہے، نوجوانوں کی کامیابی سے قومیں کامیاب ہوتی ہیں اور وہ کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام جتنا میرٹ پر چلے گا اتنا کامیاب ہوگا، پروگرام کے تحت میرٹ پر قرضے دیے جائیں گے اور کامیاب جوان پروگرام میں درخواست گزاروں میں کسی قسم کا امتیاز نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کے قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن میرٹ نہ ہونے کے باعث ملک ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا،اقربا پروری اور سفارشی کلچر کے باعث ہمارے ادارے کمزور ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، پاکستان کو عظیم ملک بنانے میں نوجوانوں کا ہاتھ ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتے جاتے رہتے ہیں، میرا ایک ہی خواب ہے کہ پاکستان کو عظیم ملک بناؤں، وہ ملک بناؤں جو قائد اعظم، علامہ اقبال کی خواہش تھی، ابھی مشکل وقت ہے یہ قوم کی آزمائش کا وقت ہے، مشکل وقت زندگی کا حصہ ہے اس سے گھبراتے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی اجلاسوں میں وزیروں کو گھبرائے ہوئے دیکھتا ہوں،وزیر کہتے ہیں لوگ کہہ رہے ہیں مہنگائی ہوگئی، وزرا کو کہتا ہوں مہنگائی سے گھبرائیں نہیں اس سے سیکھیں۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے کراچی میں ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں طارق معین الدین خان، سعید اللہ والیٰ، علی حبیب، خالد منصور، بشیر جان محمد، طارق رفیع، بہرام آواری، انجم نثار، آغا شہاب احمد خان،حبیب اللہ ، شیخ عمر ریحان، نسیم اختر و دیگر معروف کاروباری شخصیات موجود تھیں۔کاروباری وفد نے وزیراعظم کوتاجروں کودرپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ وفاق حکومت معاشی ترقی اوراستحکام کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے تاجربرادری کے مسائل کوبتدریج حل کیا جائے گا۔بعدازاںوزیر اعظم عمران خان نے پیر کی شب کنگری ہائوس میں جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا اور اتحاد کے دوسرے رہنمائوں سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاق وزراء اسد عمر، چودھری غلام سرور، محمد میاں سومرو، فیصل واوڈا ،پیر صدرالدین شاہ، سردار علی گوہر مہر، سردار رحیم سمیت دیگر موجودتھے۔ملاقات میں دیہی سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے اجراء،بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پروزیر اعظم عمران خان نے یقین دلایا کہ حکومت جی ڈی اے سمیت اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلے گی اور انہیں مایوس نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پیر پگارا نے وزیر اعظم سے کہا کہ ہم آپ کے اتحادی ہیں، دیہی سندھ کی طرف بھی توجہ دی جائے،سندھ کے نو جوان بڑی تعداد میں بے روزگار ہیں ان کی مایوسی دور کی جائے، پچھلے ادوار میں سندھ میں ہر سطح پر تباہی کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے پیر پگارا کو یقین دہانی کرائی کہ ہم نے کامیاب نوجوان کے نام سے پروگرام کا آغاز کیا ہے،اپنے اتحادیوں کو مایوس نہیں کریں گے۔