ڈاکوں کی فلمی انداز میں واردات نہایت سرعت کے ساتھ لوٹ مار کی اور فرار ہو گئے،

750

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کی مصروف سڑک پر دن دہاڑے فلمی انداز میں واردات نے لوگوں کو حیران کر دیا۔واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں شاہراہ پاکستان پر ڈاکوں کی فلمی انداز میں واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے،

دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے نہایت سرعت کے ساتھ 4 شہریوں سے لوٹ مار کی اور فرار ہو گئے۔فوٹیج کے مطابق شاہراہ پاکستان پر شہری کار پارک کر کے نیچے اترے، عین اسی لمحے ملزمان نے تیز رفتاری سے موٹر سائیکل کار کے سامنے روکی اور ایک مسلح ڈاکو نے اتر کر کار سواروں پر گن تان لی، ذرا دیر بعد دوسری موٹر سائیکل بھی آ کر رکی اور دو مزید ڈاکوﺅں نے اتر کر لوٹ مار کی۔بے خوف ملزمان مصروف شاہراہ پر شہریوں کی جیبوں کی تلاشی لیتے رہے،

ملزمان نے شہریوں کے پرس خالی کیے اور فٹ پاتھ پر پھینک دیئے، ایک ملزم نے گاڑی کے اندر سے بھی تلاشی لی۔ملزمان نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے، چاروں میں سے تین ملزمان نے لوٹ مار میں حصہ لیا جب کہ ایک ملزم موٹر سائیکل پر بیٹھا رہا، واردات کے بعد ملزمان اطمینان کے ساتھ موٹر سائیکلوں پر بیٹھے اور فرار ہو گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق کار میں بھی چار افراد سوار تھے جن میں سے ایک سفید ریش بزرگ بھی تھے، واردات کے آغاز میں دو کار سوار افراد نے خود کو بچانے کی کوشش کی تاہم ڈاکو نے دوڑتے ہوئے ان پر گن تانی اور ان کی جیبیں خالی کرالیں۔