مہنگائی کے ذمہ دار مافیا کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے،وزیراعظم

256

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مافیا پیسہ بنانے کے لیے ملک میں مہنگائی کرتا ہے جسے پکڑیں گے اور کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔

کراچی میں ‘کامیاب جوان پروگرام’ کے تحت نوجوانوں میں  چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ‘ہمارا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان آبادی ہے، نوجوانوں کی کامیابی سے قومیں کامیاب ہوتی ہیں اور وہ کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ کامیاب نوجوان پروگرام جتنا میرٹ پر چلے گا اتنا کامیاب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ‘پاکستان ہر قسم کے قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن میرٹ نہ ہونے کے باعث ملک ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا، اقربا پروری اور سفارشی کلچر کے باعث ہمارے ادارے کمزور ہوئے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ‘اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو اپنے پاں پر کھڑا کرنا ہے، پاکستان کو عظیم ملک بنانے میں نوجوانوں کو ہاتھ ہوگا، ہمارا ملک ٹیلنٹ ہونے کے باوجود دنیا سے مقابلہ نہیں کرپا رہا جبکہ نچلے طبقے پر خرچ کریں تو ملک ترقی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے زندگی میں جتنے خواب دیکھے پورے کیے ۔ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے ، سب سے بہتر آل راﺅنڈر بننے اور پاکستان کو عالمی چمپئن بنانے کا خواب دیکھا جو پورا کیا،کینسر ہسپتال بنایا جہاں 70 فیصد مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے،لوگ کہتے ہیں ناممکن ہے لیکن یہ خواب بھی پورا ہوا،سیاست میں آیا کامیاب ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرا آخری خواب ہے کہ پاکستان کو وہ عظیم ملک بناﺅں جس کا خواب قائد اعظم اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا،یہ مشکل وقت ہے اور قوم کی آزمائش کا وقت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتے جاتے رہتے ہیں، مشکل وقت زندگی کا حصہ ہے اس سے گھبراتے نہیں ہیں،کامیاب لوگ ہمیشہ اپنے برے وقت سے سیکھتے ہیں،ہم سے بنگلہ دیش بھی آگے نکل گیا کیونکہ ہم غلط راستے پر تھے،میں اپنی ٹیم کو بھی کہتا ہوں گھبرانا نہیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزرا کو کہتا ہوں مہنگائی سے گھبرائیں نہیں اس سے سیکھیں، مافیا پیسہ بنانے کے لیے ملک میں مہنگائی کرتا ہے جسے پکڑیں گے اور کسی کو نہیں چھوڑیں گے،اس ملک کو ترقی دینگے نوجوان دیکھیں گے کہ کیسے قوم اٹھے گی اور پاکستان ترقی کرے گا ۔