الخدمت کراچی کا سالانہ جائزہ اجلاس،نئے پراجیکٹ کی منصوبہ بندی

604

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت کراچی کا سالانہ اجلاس ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔ الخدمت کے تمام شعبہ جات کی 2019کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اورآئندہ کی منصوبہ بندی کی گئی،

اجلاس کی صدارت ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے کی۔چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی انجینئر سلیم اظہر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس میں الخدمت کے تمام پروگرام وڈپارٹمنٹ منیجرز بھی شریک تھے، جنہوں نے اپنے اپنے شعبہ جات کی سال بھر کی کارکردگی رپورٹس پیش کیں اور2020کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا،

اجلاس میں بتایا گیا کہ الخدمت اس وقت شہر میں 45واٹر فلٹریشن پلانٹ چلا رہی ہے۔رواں برس 10نئے واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کرے گی،جبکہ پانی کے دیگر منصوبے بھی مکمل کیے جائیں گے۔ 100یتیم بچوں کوکفالتی سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔رواں برس گلشن معمار میں زیر تعمیر ”آغوش ہوم“ بے سہارابچوں کیلئے آپریشنل کردیا جائے گا،

اجلاس میں ہیلتھ پروگرام کے تحت پی آئی بی کالونی میں احمد چورنگی پر میڈیکل کمپلیکس کا قیام عمل میں لانے کی منصوبہ بندی کی گئی۔اجلاس کو کمیونٹی سروسز کے تحت مختلف مواقع پر بڑے پیمانے پر راشن کی تقسیم،جہیز باکس،سلائی مشینوں کی تقسیم وریلیف سینٹرز کے قیام کے بارے میں آگاہ کیا گیا،

جبکہ رواں برس اس میں مزید اضافے کی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا۔مواخات پروگرام کے تحت چھوٹے کاروبار کیلئے مالی طور پر کمزور افراد میں اب تک 350افراد میں ایک کروڑ 52لاکھ روپے تقسیم کیے گئے،رواں بر س50افراد کو اس پروگرام سے مستفید کیا جائے گا،

اجلاس میں شعبہ میڈیا اینڈ مارکیٹنگ نے رواں برس رمضان اور قربانی مہم اور ”چیئریٹی ڈنر“کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں،اجلاس کے آخرمیں چیف ایگزیکٹو انجینئر سلیم اظہر نے الخدمت کے تمام شعبہ جات کی کارکردگی کو سراہا۔ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے تمام شعبہ جات کے ذمہ داران کو جاری منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔