جیکب آباد،گڑھی خیروکے مکینوں کا بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پراحتجاج

149

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) گڑھی خیرو میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر شہریوں کا بھیڑ کے سامنے بین بجا کر انوکھا احتجاج، سندھ حکومت کے منتخب نمائندوں کو علاقے کے لوگوں کی تکالیف کا احسا س نہیں ہے، شہری۔ گڑھی خیرو کے شہریوں کی جانب سے بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر بھیڑوں کے سامنے بین بجا کر منتخب نمائندوں کیخلاف انوکھا احتجاج کیا، شہر کی مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں قومی عوامی تحریک، جے یو آئی، بی این پی کی جانب سے احتجاجی جلوس نکال کر سندھ بلوچستان کی سرحد پنج گلی چوک پر دھرنا دے کر روڈ بلاک کردیا۔ مظاہرین نے سندھ حکومت کے منتخب نمائندوں کیخلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے شہر کے مختلف راستوں مین بازار، شاہی بازار سے ہوتے ہوئے پنج گلی چوک پہنچے اور بھیڑوں کے سامنے بین بھی بجائے اور کہا کہ منتخب نمائندے ڈھونڈ کردیے جائیں۔ اس موقع پر جبار سندھی، گل مصطفی جمالی، نور بروہی، حسین جمالی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گڑھی خیرو بنیادی سہولیات سے محروم ہے، جس پر سندھ حکومت کے منتخب نمائندوں کی بے حسی قابل افسوس ہے۔ شہر بنیادی سہولیات پینے کے صاف پانی، نادرا آفس، ڈگر ی کالج، گیس اور دیگر سے محروم ہے، جس کیخلاف ایک ماہ سے سراپا احتجاج ہیں لیکن منتخب نمائندوں کو علاقے کے عوام کی تکالیف کا کوئی احساس نہیں، بنیادی سہولیات ہمارا حق ہے، جو ہمیں دیا جائے۔ احتجاج کا بھی ان پر کوئی اثر نہیں ہوا علاقے کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔