جاوید رفیق کے اعزاز میں پی جے ایف کا الوداعی عشائیہ

125

جدہ میں پاکستانی صحافیوں کی نمایندہ تنظیم پاکستان جرنلسٹس فورم (پی جے ایف) کی جانب سے پاکستان قونصلیٹ جدہ سے سبکدوش ہونے والے آفیسر جاوید رفیق کے اعزاز میں الوداعی عشایئے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر پی جے ایف کے چیئرمین امیر محمد خان نے تمام ارکان کی جانب مہمان خصوصی کا خیر مقدم کیا اور اُن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کہا آج کا اجتماع اس بات کا ثبوت ہے کہ جاوید رفیق ایک پر خلوص، َفرض شناس اور ملنسار طبیعت کے مالک ہیں۔ پی جے ایف کے ساتھ ان تعلقات اور تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
جاوید رفیق نے اپنے خطاب میں تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستانی کمیونٹی کی جو خدمت کی ہے، وہ حکومت پاکستان کے خدمتگار کی حیثیت سے کی ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ میں اپنی مدت ملازمت کامیابی اور خوش اسلوبی سے نبھا کرجارہا ہوں۔ الحمدللہ میرا قیام بہت خوشگوار رہا۔ انہوں نے کہا کہ میں قونصلیٹ کے دیگر افسران اور عملے کے تعاون کا بھی میں مشکور ہوں۔ شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے جاوید رفیق کا کہنا تا کہ آپ میں سے جو لوگ حرمین شریفین کے قریب ہیں، میرے لیے اور وطن عزیز پاکستان کی خوشحالی کے لیے ہمیشہ دعا کریں۔
انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمایندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری سے میں خصوصاً امید رکھتا ہوں کہ وہ پاکستانی برادری اور ملک کے لیے مثبت انداز میں اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریاں ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی جے ایف ذمے داری سے کام کر رہی ہے جو دیگر تنظیموں کے لیے قابل تقلید ہے۔ بعد ازاں جاوید رفیق کی جگہ تعینات ہونے والے افسر شجاع نے اپنے مختصر خطاب میں پی جے ایف کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب میں پریس قونصلر ارشد منیر، امیر محمد خان، قائمقام صدر اسد اکرم، سید مسرت خلیل ،خالد چیمہ، انجم وڑائچ، امانت اللہ،محمد عدیل، یحییٰ اشفاق، معروف حسین اور مریم شاہدنے شرکت کی۔ آخر میں مہمانوں کو تحفہ پیش کیا گیا۔