پاکستانی ریستوران کا افتتاح

466

جدہ میں اپنی نوعیت کے ایک منفرد ہوٹل کا افتتاح ہوا جس میں پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے۔ خوش حال نامی پاکستانی ہوٹل کی سجاوٹ اور در و دیوار پر خوب صورت نقش و نگار دیکھنے سے تعلق رکھتے تھے۔ پاکستانی کاروباری شخصیت ملک بنارس خان نے اپنے اس ہوٹل میں بیک وقت 200 افراد کے بیٹھنے کی گنجایش رکھی ہے جب کہ یہاں کے منیجر شہزاد گل ہیں۔
ہوٹل کی افتتاحی تقریب سے پاکستان قونصلیٹ کے ڈپٹی قونصل جنرل شائق بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی برادری اپنے ثقافتی ورثہ کو نہیں بھولی اور اسے دیارِ غیر میں اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستانی ریستوران خوش حال کے مالک ملک بنارس خان کو مبارکباد پیش کی اور ملکی ثقافت کو منفرد انداز میں فروغ دینے کی کوشش پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا تھا جب کہ میزبانی خالد ملک اور خلدون ملک نے انجام دی۔ آخر میں ملک بنارس خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ملی نغمے بھی گائے گئے۔