حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،شیخ رشید

457

راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے بارے میں افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے، جو وزیراعلیٰ پنجاب سے ناراض ہیں وہ جلد مان جائیں گے۔

وزیر ریلوے نے ناراض اتحادیوں کے بارے میں کہا کہ ایم کیو ایم اور ق لیگ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، اور جو کرپٹ ہوگا وہ عمران خان کی کیبنٹ میں نہیں رہے گا، قوم کو شریفوں، زرداریوں اوران کے ایجنٹوں سےخطرہ ہے۔

شیخ رشید نے ملک میں مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ غریب، غریب تر اور امیر طاقتور ہو رہا ہے، آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری تھی، غلطیاں ہم سے ہوئیں مگر عمران خان ہی اس مہنگائی کو ختم کرے گا۔

 جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی شوگر ملز ہیں مگر ان کے علاوہ بھی شوگر مافیا ہے۔

وفاقی وزیر نے راولپنڈی میں آئی ٹی یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی وہ واحد شہر ہوگا جس میں چار یونیورسٹیاں ہوں گی۔

بعد ازاں شیخ رشید نے کہا کہ اپنے حلقے والوں سے کئے وعدے پورے کرکے سیاست سے کنارہ کش ہو جاؤں گا۔