منظم مافیا حکومت کے خلاف منفی تاثر پھیلارہا ہے،وزیراعظم

498

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مثبت انتظامی تبدیلیاں کو ناکام بنانے کیلئےایک منظم مافیا معاشرے میں حکومت کے خلاف منفی تاثر پھیلارہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے ہیں جہاں ان سے پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب سے منتخب ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی،ملاقات میں ارکان نے اپنے حلقوں میں عوام کے سماجی و ترقیاتی مسائل کے حل میں مشکلات سے آگاہ کیا۔

اس دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملاقات کا مقصد عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مشکلات کے حل کے لیے ہدایات جاری کرنا تھا، ترقیاتی کاموں سے متعلق کسی علاقے کو نظر انداز نہیں کیاجائے گا،رکان اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کے لیے کوشاں رہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ہمارے منشور کا بنیادی عنصر کرپشن کا خاتمہ ہے لیکن ایک منظم مافیا معاشرے میں حکومت کے خلاف منفی تاثر کو فروغ دے رہا ہے،یہ وہی عناصر ہیں جو دہائیوں سے مذموم مقاصد کے لیے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مافیا جان بوجھ کر افراتفری کی باتیں پھیلاتا ہے، تاکہ جو مثبت انتظامی تبدیلیاں ہم لے کر آ رہے ہیں ان کو ناکام بنایا جائے، پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بڑے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اور قبضہ مافیا قانون کی گرفت میں آئے ہیں،لہٰذا واضح کردیناچاہتاہوں کہ ہم ہرگز دباؤ میں نہیں آئیں گے، ہمیشہ چیلنجزکاسامناکیاہےاور آئندہ بھی کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈیووس میں جس طرح ہمیں پذیرائی ملی ہے اس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی،ڈیووس میں دنیا کی بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد شریک ہوتے ہیں۔ ان سب نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع اور صلاحیت ہے۔