جماعت اسلامی کا 28جنوری کو ’’ متاثرین بحریہ ٹائون گرینڈ کنونشن‘‘ کا اعلان

584
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ادارہ نورحق میں بحریہ ٹائون کے متاثرہ الاٹیز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے تحت بحریہ ٹائون متاثرین کے لیے اجتماعی جدو جہد کا آغاز کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں منگل 28جنوری کو شام 4بجے ادارہ نور حق میں ’’متاثرین بحریہ ٹائون گرینڈ کنونشن ‘‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ جس سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔ یہ فیصلہ ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی کے ذمے داران اور بحریہ ٹائون کے متاثرین کے ایک مشاورتی اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ ، سیکرٹری نجیب ایوبی نے خطاب کیا ۔ اجلاس میں بحریہ ٹائون کے متاثرین نے انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے ظالمانہ اور غیر قانونی اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ان اقدامات کے باعث وہ شدید مشکلات و پریشانیوں میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔ متاثرین نے کہا کہ جماعت اسلامی اس حوالے سے ہمارا ساتھ دے ، ہماری مدد کرے ، بحریہ ٹائون انتظامیہ کے اقدامات کے خلاف آواز اُٹھائے ، حافظ نعیم الرحمن نے متاثرین کو یقین دلایا کہ وہ ان کی ہر ممکن مدد اور تعاون کریں گے اور ان کے ساتھ مل کر عملی جدو جہد کریں گے ۔