یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منایا جائے گا، محمد حسین محنتی

426

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپورطریقے سے منایا جائے گا۔ ٹرانسپیرنسی انترنیشنل کی حالیہ رپورٹ نے حکومت کے تمام تر دعوئوں کے پول کھول کر رکھ دیے ہیں۔ موجودہ حکومت نے احتساب کے نام پر صرف اپوزیشن کو نشانہ بنایا،آٹا بحران سمیت مہنگائی کے طوفان نے ان کی نا اہلی کو عیاں کردیا ہے۔ آٹا چینی کی قیمتوں میں اضافے سمیت مہنگائی کے طوفان، گیس بحران اور بیروزگاری نے عوام کوسخت پریشان کردیا ہے، ٹڈی دل و قدرتی آفات دین سے دوری کی وجہ سے اللہ کا عذاب ہے۔ تمام بحرانوں سے نجات اور مسائل کا حل صرف قرآن و سنت پر عمل کرنے میں مضمر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھارو، مکلی، ٹھٹھہ اور جھرک میں منعقدہ دعوتی، تنظیمی اور عوامی اجتماعات سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ دریں اثنا صوبائی امیر نے مکلی اور ٹھٹھہ پریس کلب پہنچ کر نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ضلعی امیر الطاف ملاح ، مقامی امیر عبداللہ آدم گندرو، آفتاب احمد بجارو،الخدمت فائونڈیشن کے ضلعی صدر ریاض احمد جیلانی،صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، ضلعی سیکرٹری اطلاعات محمد علی خٹک بھی ان کے ساتھ تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ پانی زندگی ہے سندھ کے عوام صاف پانی سے محروم جبکہ کاشتکار پانی کے لیے پریشان ہیں ،عوامی احتجاج اورعدالتوں کے نوٹس کے باوجود حکمرانوں کے کانوں پرجون تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے ذمے داران پر زور دیا کہ وہ اصلاح و احتساب کا آغاز اپنی ذات سے کریں۔ جب تک اپنی اصلاح نہیں ہوگی تب تک معاشرے و ملک کی اصلاح نہیں ہو سکتی۔ گھاروکے امیرمولانا عبدالسمیع ہالیپوتہ،مکلی کے آفتاب احمد بجارو،ٹھٹھہ کے عبداللہ آدم گندرو اورجھرک کے غلام شفیع سموں نے بھی خطاب کیا۔