واسا ملتان کے افسران اپنا قبلہ درست کریں‘ شاہ محمود قریشی

144

ملتان (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ واسا ملتان کے افسران اپنا قبلہ درست کریں‘ صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے‘ سیوریج کا پانی نہروں میں جانے سے فصلیں خراب ہو رہی ہیں‘ ملتان کو فنڈز کی زیادہ ضرورت ہے‘ تمام اراکین اسمبلی مل کر کوشش کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اپنی زیرصدارت سرکٹ ہائوس میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس سے خطا ب کر تے ہو ئے کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شہر میں صفائی کا مسئلہ ویسٹ سالڈ مینجمنٹ کمپنی کو منظم بنانے سے حل کر لیا گیا ہے ۔ اجلاس میں وزیر خارجہ واسا کے افسران پر برہم ہو گئے اور انہو ں نے کہا کہ واسا کے افسران اپنا قبلہ درست کرلیں‘سیوریج مسائل کی وجہ سے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے‘ واسا حکام شہریوں کو سیوریج کے عذاب سے نجات دلائیں‘ واسا کے حکام کو اپنی کارکردگی کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے‘ سیوریج کا پانی نہروں میں جانے سے فصلیں خراب اور زمینیں تباہ ہو رہی ہیں‘اس مقصد کے لیے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے منصوبے کی ضرورت ہے۔