بھارتی فوج کی ایل او سی پر پھر بلا اشتعال فائرنگ، خاتون شدید زخمی

260

راولپنڈی /اسلام آباد(اے پی پی) بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجیمیں خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ہفتے کو آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی۔بھارتی فوج نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں سریاں گائوں کی 21سالہ خاتون شدید زخمی ہوگئی۔زخمی خاتون کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پاک فوج نے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپورجواب دیا ۔دوسری جانب بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو ہفتے کودفتر خارجہ طلب کیا اور 25 جنوری کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کے بری کوٹ سیکٹر میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور کہا کہ بھارتی اقدام خطے میں امن واستحکام متاثر کرسکتا ہے۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں گاوں ستیاں کی 21سالہ خاتون لائبہ زوجہ نقیب شدید زخمی ہوگئی۔ قابض بھارتی افواج ایل او سی اور ورکنگ باونڈری کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے آرٹلری، بھاری اور خودکار ہتھیاروں کے ذریعے عام شہری آبادیوں کو نشانہ بنارہی ہیں۔ بھارت سفارتکار سے کہا گیا کہ شہری آبادیوں کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، انسانی عظمت ووقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے صریحا منافی ہے۔ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی ان خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جس کا نتیجہ اسٹرٹیجک غلطی کی صورت نکل سکتا ہے۔انہوں نے زوردیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین (یواین ایم او جی آئی پی)کو اپنا کردارادا کرنے کی اجازت دے۔