موٹروے پولیس کی کارروائی،چوری ہونے والی گاڑی برآمد کرلی

308

کراچی (اسٹاف رپوٹر)موٹروے پولیس نے پشاور سے  گزشتہ رات چوری ہونے والی گاڑی چارسدہ کے قریب سے برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح دوران  پٹرولنگ موٹروے پولیس افسران نے موٹروے چارسدہ کے قریب ایک کرولا  گاڑی نمبر RIU 8499 ماڈل 1986 کو سڑک کے کنارے کھڑا دیکھا قریب پہنچنے پر پتا چلا کہ گاڑی کا فرنٹ ٹائر تکنیکی وجوہات کی بنا پر خراب ہے۔

جب موٹروے پولیس افسران نے گاڑی کے آس پاس کسی کو نہیں پایا تو شک کی بنیاد پر گاڑی کی تلاشی لی گئی جس پر گاڑی سے ایڈووکیٹ عابد حسین کا وزٹنگ کارڈ برآمد ہوا،جن سے رابطہ کیا گیا تو پتہ چلا کہ یہ ان کی گاڑی ہے اور گزشتہ رات چوری ہوئی ہے،ان اطلاعات کی بنیاد پر موٹروے پولیس نے مذکورہ گاڑی کو حفاظتی تحویل میں لے لیا۔

بعد ازاں مالک کے ہمراہ متعلقہ ڈسٹرکٹ پولیس موقع پر پہنچی، موٹروے پولیس نے تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے گاڑی مالک کی موجودگی میں ڈسٹرکٹ پولیس کے حوالے کردی۔

اس موقع پر ایڈوکیٹ عابد حسین نے تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے موٹروے پولیس کی کوششوں کو سراہا۔