ہمیں بلدیاتی اداروں کو مزید مضبوط کرنا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

389

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اداروں کا صفائی ستھرائی، پانی کی فراہمی، سینیٹیشن، آگ بجھانے کے حوالے سے اہم کردار ہے، ہمیں بلدیاتی اداروں کو مزید مضبوط کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری بلدیات روشن شیخ، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی، ڈی جی سندھ پیپرا رحیم شیخ نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ چاہتا ہوں فائر ٹینڈرز، ٹریکٹرز ٹرالیز صوبے کی تمام ٹاؤنز اور میونسپل کمیٹیز کے لیے خریدی جائیں، صوبے کے ہر ٹاؤن، میونسپل ٹاؤن اور کمیٹی کو ایک فائر ٹینڈر وہیکل اور برگیڈ ہونی چاہیے۔

جس پر وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے انہیں آگاہ کیا کہ خریداری کیلیے ٹینڈر کر چکے ہیں، جلد فائر ٹینڈرز اور اسنارکل کی خریداری کرلیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، قاسم آباد میونسپل کمیٹی، سکھر، نواب شاہ، میرپورخاص اور لاڑکانہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اور دوسرے مرحلے میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز میں اسنارکل دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں لوکل باڈیز کو مزید مضبوط کرنا ہے، لوکل باڈیز کا صفائی ستھرائی، پانی کی فراہمی، سینیٹیشن، آگ بجھانے کے حوالے سے اہم کردار ہے، جہاں جہاں ضرورت ہے وہ سازوسان مہیا کریں گے۔