دہشتگردی سے نمٹنے کیلیے ’’یو این او ڈی سی‘‘ کیساتھ اشتراکی پروگرام کاآغاز

208

اسلام آباد (آن لائن) اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات وجرائم (یو این او ڈی سی) نے پاکستان میں دہشت گردی کی روک تھام کی خاطر تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے لیے وزارت داخلہ کے ساتھ اشتراکی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد دہشت گردی کے موثر انسداد کے لیے پاکستان میں فوجداری انصاف کے نظام کو مضبو ط بنانا ہے، تکنیکی پروگرام کے تحت یواین اوڈی سی قانون کیلیے معاونت فراہم کرے گا۔ پاکستان دہشت گردی سے بچاؤ کا پروگرام -2پی ٹی پی حکومت پاکستان اور یو این او ڈی سی کی مشترکہ کاوش ہے جو وفاقی اور صوبائی سطح پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے جامع مشاورت کے بعد تشکیل دیا گیا ہے۔ اپنی افتتاحی تقریر میںیو این او ڈی سی کے ملکی نمائندے ڈاکٹر جیرمی کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے بارے میں ابتدائی بحث و مباحثے کے بعد سے ہم نے کافی پیشرفت کی ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری وزارت داخلہ یوسف نعیم معاونت کی فراہمی کے حوالے سے یو این او ڈی سی کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان سرگرمیوں پر عملدرآمد سے عالمی تعاون بڑھے گا۔ وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز نے اپنے اختتامی کلمات میں دہشت گردی سے بچاؤ کے شعبے کے سربراہ مسعود کریمی اور عالمی برادری کے دیگر ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ کے ذریعے حکومت پاکستان اور انسداد دہشت گردی کے لیے کام کرنے والے اس کے اداروں پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔ واضح رہے یو این او ڈی سی کا یہ مینڈیٹ ہے کہ وہ رکن ریاستوں کو دہشت گردی سے بچاؤ اور اس کے انسداد کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرے اور ہماری تکنیکی معاونت اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کی عالمی حکمت عملی کے فریم ورک میں آتی ہے۔
یو این او ڈی سی