لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکمران مہنگائی اور ظالمانہ پالیسیوں کیخلاف عوامی سونامی کے لیے تیار ہوجائیں۔ تبدیلی سرکار کرپشن، مہنگائی اور بے روزگاری میں سابقہ ادوار کے تمام ریکارڈ توڑ چکی ہے اور حکومت کی کارکردگی پوری قوم کے سامنے کھل کر آگئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی کال پر مہنگائی کیخلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم، امیر جماعت اسلامی ضلع سوات محمد امین، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد، قائم مقام امیر جماعت اسلامی غربی لاہور غلام حسین بلوچ اور دیگر قائدین سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ تبدیلی سرکار نے اقتدار سے قبل قوم سے کیے تمام وعدوں اور دعووں کے برعکس مہنگائی اور بے روزگاری کے ذریعے غربیوں کی کمر توڑ دی ہے۔ تبدیلی سرکار نے 18 ماہ میں 88 فیصد سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے صنعتوں کا پہیہ جام کردیا ہے۔ بجلی اور پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کرکے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں پچھلے ستر سال سے مفادات کی سیاست کرنے والے مافیا نے قوم کو مسائل اور بحرانوں کی دلدل میں دھکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو سب سے زیادہ نقصان پارٹیاں اور جھنڈے تبدیل کرنے والے لوٹوں نے پہنچایا ہے، جو اپنے لالچ اور مفادات کے لیے ملک و قوم کے ساتھ بے وفائی کرتے چلے آرہے ہیں اور آج بھی موجودہ حکومت میں اکثریت ایسے ہی افراد کی ہے جنہیں اپنے مفادات سے زیادہ کوئی چیز عزیز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہمیشہ سے جماعت اسلامی نے کی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری کیخلاف پوری قوم کے شانہ بشانہ کھڑی اور عوامی جنگ لڑنے کے لیے میدان میں نکل آئی ہے، اب حکمران مہنگائی کیخلاف عوام کے سونامی کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے۔ بعد ازاں جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد کی کال پر خضرا مسجد سمن آباد، اکبر چوک ٹائون شپ، بابر شہید مسجد چوک اور شاد باد ٹوکے والا چوک میں بھی مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔