آٹابحران غریبوں کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے‘ بابا محمد اسحاق

169

شکرگڑھ(این این آئی)آٹابحران غریبوں کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے بجلی،گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آٹے کا بحران اور اس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور 70روپے فی کلو سے زائد فروخت غریب عوام کا جینا محال ہو گیا ان خیالات کا اظہار سماجی کارکن بابا محمد اسحاق ۔ محمد ارشد کھنہ ۔محمد اسلم ٹھیکیدار۔ و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ ہزاروں افراد آٹے اور اشیائے خورونوش کی کمی اور قیمت میں اضافے کے سبب فاقہ کشی کا شکار ہیں، اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں ہوشربااضافے سے عوام پہلے ہی پریشان ہیں،اب آٹے کی قلت،بازاروں میں عدم دستیابی اور قیمت میں اضافے نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ آٹے اور گندم کی مہنگائی کی وجہ سے روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت آٹے کی قیمتوں میں کمی اور فوری فراہمی یقینی بنانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے آٹا بحران کی فوری تحقیقات کی جائیں اور قوم کو حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ حکومت فلور مل مالکان آٹے کے ڈیلروں سے فوری مذاکرات کر کے اس اہم مسئلے کا حل نکالے کیونکہ آٹے کی عدم دستیابی عوامی سطح پر مسلسل بے چینی کا سبب بن رہی ہے۔ آٹے اور گندم کے بحران پر قابو پانے کیلیے ملک بھر میں ذخیرہ اندوزوں اورگراں فروشوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سخت سزادی جائے۔ ملک میں تبدیلی اور عوامی فلاح و بہبود کے نام پر آنیوالی حکومت نے غریب عوام کا جینا محال کردیا ہے، پاکستان کی تاریخ میں مہنگائی کی ایسی مثال نہیں ملتی۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب عوام کو مایوسی میں مبتلا کردیا ہے۔