پاکستان نے بنگلا دیش کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی

166
لاہور: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے مختلف ایکشن

لاہور(نمائندہ خصوصی )قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ بنگلا دیش کی طرف سے5 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور احسان علی نے کیا۔ کپتان بابر اعظم پہلے اوور کی دوسری گیند پر بغیر ا سکور بنائے شفیع الاسلام کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔قومی ٹیم کو دوسرا نقصان محمد حفیظ کی صورت میں اْٹھانا پڑا،محمد حفیظ 16 گیندوں پر 17 رنز بنا کر مستفیض الرحمن کی گیند پرامین الاسلام کو کیچ آئوٹ ہوئے۔ تیسری وکٹ احسان علی کی گری جو 32 گیندوں پر 36 رنز بنا کر امین الاسلام کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ افتخار احمد کو 16 کے ا سکور پر امین الاسلام نے آئوٹ کیا۔ قومی ٹیم نے شعیب ملک کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت آخری اوور میں اسکور پورا کر لیا، شعیب ملک نے ناقابل شکست 58 اسکور کئے،اس سے قبل قذافی ا سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلا دیش کے کپتان محموداللہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔بنگلا دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور محمد نعیم نے ٹیم کو 71 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، تمیم اقبال 39 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے ان کے بعد آنے والے بلے باز لٹن داس بھی 12 رنز بناکر رن آؤٹ ہو گئے، محمد نعیم 43 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد شاداب خان کا شکار بنے۔کپتان محمد اللہ نے عفیف حسین کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن عفیف کو حارث رؤف نے بولڈ کرکے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنا پہلا شکار کیا۔ سومیا سرکار 7 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے، کپتان محمد اللہ 19 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ۔3 میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 1-0 کی برتری حاصل ہو گئی۔دوسرا ٹی ٹوئنٹی لاہور ہی میں قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔