سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں مہنگائی کیخلاف مظاہرے ،عوام کی بڑی تعداد میں شرکت

181
جماعت اسلامی حیدرآباد کی جانب سے مہنگائی و کرپشن کیخلاف ہونیوالے احتجاجی مظاہرے سے عبدالوحید قریشی خطاب کررہے ہیں حافظ طاہر مجید ودیگر بھی موجود ہیں،خبر صفحہ آخر پر ملاحظہ فرمائیں۔

اسلام آباد /لاہور/ پشاور/ کوئٹہ (نمائندگان جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر مہنگائی بے روز گاری اور آٹے و چینی کے بحران کے خلاف وفاقی و صوبائی دار الحکومتوں سمیت تمام ضلعی و ڈویژل ہیڈ کوارٹرز اورملک بھرکے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور عوام نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے حکومت کی کرپشن کی تصدیق کردی ہے۔حکومت کی طرف سے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو مسترد کرنا ’’میں نہ مانوں‘‘ کے مصداق ہے۔حکومت اپنی اصلاح کرنے کو تیار نہیں حکمران آئینہ توڑنے کے بجائے اپنے چہرے پر لگے داغ صاف کریں۔وزیراعظم سے کہتا ہوں کہ جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے باغ تو سارا جانے ہے۔ ملک گیر احتجاج عوامی عدالتوں کا آغاز ہے ۔مہنگائی ،بے روزگاری اور کرپشن کا راستہ نہ روکا گیا تو یہ عدالتیں ہر جگہ لگیں گی۔ریاست مدینہ کا اعلان کرنے والوں نے مکہ اور مدینہ جانا مشکل بنادیا ہے۔5فروری کو پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سمیت ملکی اداروں نے بھی تسلیم کیا ہے کہ موجودہ دو ر حکومت میں کرپشن بڑھ گئی ہے۔حکمران ہڑپشن کررہے ہیں جو کرپشن سے بھی آگے کی اسٹیج ہے۔اس حکومت میں جائز کام کے لیے بھی رشوت دینا پڑتی ہے۔ملک میں گندم کے گودام بھرے پڑے ہیں مگر لوگوں کوآٹا نہیں مل رہا۔گندم درآمد کرنے کے فیصلے کے پیچھے بھی کرپشن کا منصوبہ ہے۔ملک پر لینڈ،آٹا اور شوگر مافیا کی حکومت ہے جو عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال کر اربوں روپے لوٹ رہے ہیں۔حکومت میں ہونے کی وجہ سے یہ پکڑے بھی نہیں جارہے۔یہ آٹا اور آدم خور حکومت ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مہنگائی کے مارے عوام کے نعرے بدل چکے ہیں جو چند ماہ پہلے پی ٹی آئی آئے آئے کہتے تھے آج پی ٹی آئی ہائے ہائے کررہے ہیں۔یہ پولیو زد ہ حکومت ہے جس کو عوام کی گردنوں پر سوا ر کردیا گیا ہے۔ناکام اور نااہل لوگوں کو مسلط کرنے والے خود پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو ایک گھر چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے ان کو ملک پر مسلط کردیا گیاہے۔ایک یونین کونسل کو چلانے کا تجربہ نہ رکھنے والے پورے ملک کے حکمران بنے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ 22کروڑ عوام پریشان ہیں اور حکمران انہیں مذاق بنا رہے ہیں۔حکمرانوں کی معاشی پالیسی ختم، داخلہ اورخارجہ پالیسیاں ناکام ہیں اور عوام ان سے بالکل مایوس ہوچکے ہیں۔لاہور میں5 مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔ملتان روڈ پر منصورہ کے سامنے بڑے احتجاجی مظاہرے کی قیادت سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم اور امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کی ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر العظیم نے کہا کہ حکمران دعوئوں نعروں اور اشتہارات کے ذریعے عوام کو سبز باغ دکھاتے رہے لیکن عملاًعوام کو مہنگائی کی چکی میں پیستے اور عوام کا خون نچوڑ کر آئی ایم ایف کو پلاتے اور اس کی نہ بجھنے والی پیاس بجھانے کی کوشش کرتے رہے ۔مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی سوات محمد امین اور جے آئی یوتھ لاہور کے صدر صہیب شریف نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حلقہ منصورہ چودھری فرحان اسلم سلیمی ،چودھری عبد الواحد اور سابق کونسلر امان اللہ خان بھی موجود تھے ۔ جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد ادریس نے کہا کہ عوام مہنگائی ،بے ر وزگاری ،بدامنی اور دیگر مسائل سے نجات کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ مہنگائی اور بے روز گاری پر اقتدار کے ایوانوں کے اندر اور باہر پوری قوت سے آواز اٹھائی ۔ وفاقی دارالحکو مت اسلام آباد کے پر یس کلب کے سامنے بھی مہنگائی اور بے روزگاری کے خلا ف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا،سیکرٹری جنرل زبیر صفدر ، تا جر رہنما محمد کاشف چودھری ، ملک عبدالعزیز ، عزیز الر حمن نے بھی احتجاجی مظاہرے کے شر کا سے خطاب کیا ۔ مظاہرے سے خطاب کر تے ہو ئے میاں محمد اسلم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکو مت آنے کے بعد ملک میں ہر طر ح کا بحران پیدا ہو گیا ہے لگتا ہے یہ حکو مت اس قوم پر اللہ کا عذاب بن کر نازل ہو ئی ہے۔کوئٹہ میزان چوک پر نماز جمعہ کے بعد جماعت اسلامی کے تحت مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔شرکا نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے ، مظاہرے سے جماعت اسلامی کے مقامی رہنمائوں نے خطاب کیا۔علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کی دارالحکومت پشاور سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس سے صوبائی ، ضلعی و مقامی رہنمائوں نے خطاب کیا۔

کراچی/حیدرآباد/سکھر (اسٹاف رپورٹر+ نمائندگان جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میںمہنگائی و بے روزگاری ، گیس ، آٹا اور چینی کے بحران،بجلی اور پیٹرول کے نرخوں میں اضافے سمیت دیگر اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کراچی میں بھی تمام اضلاع میں متعدد اہم پبلک مقامات اورمساجد کے باہر مظاہرے کیے گئے ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مسجد نعمان ، لسبیلہ چوک پر مرکزی مظاہرے سے خطاب کیا جس سے بلدیہ عظمیٰ کراچی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی، پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے صدر و امیر ضلع قائدین سیف الدین ایڈووکیٹ، نصیر اللہ حسینی اوربخت علی شاہ نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری عبدالوہاب ،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، نائب امیر ضلع قائدین سلیم عمر اور دیگر موجود تھے ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اورپلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ، جن پر مہنگائی ، بے روز گاری ، گیس اور آٹا بحران کے حوالے سے عبارتیں درج تھیں ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں گیس ، آٹا اور چینی کی قلت ،بلوں میں اضافے کے باعث معاشی و اقتصادی بحران نے بھی جنم لے لیا ہے، سی این جی اسٹیشنز کی مسلسل بندش اور گیس کی قلت سے صنعتی، تجارتی و گھریلو صارفین شدید پریشانی کے عالم میں مبتلا ہیں ، حکمران اپنی کرپشن اور نااہلی کو چھپانے کے لیے سارا بوجھ عوام پر ڈالتے جارہے ہیں کیونکہ پیٹرول، گیس، بجلی مہنگی ہونے سے براہ راست غریب آدمی ہی متاثر ہوا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کے ماتحت اداروں میں بدعنوانی کے باعث ملکی معیشت تباہ ہو چکی ہے، حکمرانوں کی کرپشن اور ناقص پالیسیوں کے باعث بے روز گاری اور مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ، حکمران طبقہ اور حکمران پارٹیاں اقتدار کے لالچ میں عوام کوبے وقوف بنا رہی ہیں ۔پی ٹی آئی حکومت عوام کی حالت زار پر رحم کرے، عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرکے قوم سے کیے گئے وعدے پورے کرے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم کا کچن،آٹا اور چینی مافیا چلا رہے ہیں ، عارف نقوی اور جہانگیر ترین کروڑوں دے کے اربوں روپے عوام سے لوٹ رہے ہیں ،وزیر خوراک خسروبختیار کی اپنی شوگر ملیں چل رہی ہیں ، پی ٹی آئی حکومت نے ملک میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ، جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک ،نادرا اور دیگر مسائل کو اٹھایا ہے، جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک جاری رکھے گی، جماعت اسلامی ہی عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ حکومتی اداروں میں آئی ایم ایف کے ملازمین کو اعلیٰ عہدوں پر تعینات کیا جا رہا ہے ، گورنراسٹیٹ بینک اور ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر کام پر رہے ہیں ، پی ٹی آئی کا بینہ میں شامل افراد پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن ، ق لیگ اور مشرف دور میں بھی اقتدار میںرہ چکے ہیں ۔علاوہ ازیں مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلے میں فیڈرل بی ایریا ، نارتھ ناظم آباد ،نارتھ کراچی ، ناظم آباد ، اورنگی ٹائون ، بلدیہ ٹائون ، گلشن معمار ، سرجانی ٹائون ، لیاری ، گارڈن ایریا ، کیماڑی ، لانڈھی ،کورنگی ، قائد آباد ، گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، شاہ فیصل کالونی ، ملیر اور دیگر علاقوں میں بھی اہم پبلک مقامات اورمساجد کے باہر بڑے پیمانے پر احتجاج مظاہرے کیے گئے جن سے جماعت اسلامی کے ضلعی امرا اسحاق خان ، منعم ظفر خان ، محمد یوسف ، فاروق نعمت اللہ ، سید عبد الرشید ، محمد اسلام ، توفیق الدین ،عبد الجمیل خان اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا ۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے تھے ، اس موقع پر مظاہرین نے حکومت کے خلاف پُرجوش نعرے بھی لگائے ۔ملک میں بڑھتی ہوئی کمرتوڑ مہنگائی کے خلاف جمعہ کو جماعت اسلامی کے تحت کراچی، حیدرآباد ، سکھر میرپور خاص، شکارپور، ٹھٹھہ ، مکلی، ٹنڈوآدم ، نواب شاہ، لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور، بدین، سانگھڑ سمیت کراچی تا کشمور پریس کلب کے سامنے اور عوامی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ زاٹھارکھے تھے۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے جامع لعل مسجد جوڑیا بازار میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران عوامی مسائل کو حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئے، مہنگائی، بے روزگاری نے لوگوں کی کمر توڑ دی ہے،اس پر طرفہ تماشا یہ ہے کہ اب آٹا اور چینی بھی نایاب ہوگئے ہیں اور ان کی قیمتیں بھی لوگوں کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔ لاڑکانہ میںجماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے ،ہالامیں نائب امیر جماعت اسلامی سندھ ممتاز حسین سہتو اور ضلعی امیر فقیر محمد لاکھو نے ، جیکب آبادمیںجماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز ، ضلعی امیر دیدار علی لاشاری اور مقامی امیر ہدایت اللہ رند نے،حیدرآبادمیں جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالوحید قریشی، ضلعی امیر طاہر مجید راجپوت نے ، سکھرمیں ضلعی امیر مولانا حزب اللہ جکھرو، جنرل سیکرٹری زبیر حفیظ شیخ نے ، میرپورخاص میں امیر شہر حاجی نورالٰہی مغل،عاصم شیخ اوربزرگ رہنما لالہ نورمحمدنے ،ٹنڈوالہیار میں ضلعی امیر دیدار بحرانی نے ، مٹھی تھرپارکر میں امیر ضلع میر محمد بلیدی نے ، ضلع سانگھڑ میں امیر ضلع رفیق منصوری نے مظاہروں کی قیادت کی جبکہ مکلی اور ٹھٹھہ میں بھی مظاہرے کیے گئے۔