جرمنی میں فائرنگ‘ 6افراد ہلاک‘ 2شدید زخمی

130
جرمنی: فائرنگ کے بعد پولیس نے جائے وقوع کو گھیر رکھا ہے‘ شواہد جمع کرنے کے لیے تفتیشی ماہرین بھی موجود ہیں

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمنی کی جنوب مغربی ریاست باڈن ورٹمبرگ میں فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ مقامی پولیس کے مطابق واقعہ روٹ ایم زے نامی قصبے میں پیش آیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں 6 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ واقعے میں 2افراد زخمی بھی ہوئے،جن کی حالت تشویش ناک ہے۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں واقعہ ذاتی نوعیت کا ہے۔ حکومتی ترجمان روڈلف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے میں ایک ہی خاندان کے کئی افراد بھی شامل ہیں۔ گرفتار کیے گئے مشتبہ شخص کو جائے وقوع پر موجود افراد کی مدد سے شناخت کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہے۔ جرمن میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد 37 سالہ مشتبہ حملہ آور کے رشتے دار ہیں۔ واضح رہے کہ ہائیڈل برگ کے قریب واقع چھوٹے سے شہر کی آبادی 5ہزار 200 ہے۔ امریکا کے مقابلے میں جرمنی میں فائرنگ کے واقعات کم ہی پیش آتے ہیں۔ گزشتہ برس اکتوبر میں دائیں بازو کے ایک شدت پسند نے ملک کے مغربی شہر ہالے میں فائرنگ کر کے 2افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ حملہ آور نے یہودیوں کی عبادت گاہ میں گھسنے کی کوشش بھی کی۔ جولائی 2016ء میں ایک نوجوان نے میونخ کے شاپنگ سینٹر میں فائرنگ کر کے 9افراد کو قتل کرکے خودکشی کرلی تھی۔