دیانتدار قیادت کے بغیر ملک مسائل کی دلدل سے نہیں نکل سکتا، راشد نسیم

297
لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک اسلامی نظام پر مکمل یقین رکھنے والے دیانتدار لوگ بر سراقتدار نہیں آتے ملک مسائل کی دلدل سے نہیں نکل سکتا۔70سال میں مختلف ناموں سے آنے والی نام نہاد جمہوری حکومتوں اور آمریتوں نے ہمیشہ مسائل میں اضافہ کیا۔اللہ تعالیٰ کا عطا کردہ نظام ہی انسانیت کی فلاح و بہبود کا اصل ضامن ہے۔راشد نسیم نے کہا کہ سابق حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی عوام کی پریشانیوں اور مسائل کا حل ڈھونڈنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔100 دن میں مہنگائی اور بے روزگاری ختم کرنے کے دعوایدروں نے اس میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔لوگ مہنگائی کی دہائی دے رہے ہیں ۔آٹا،چینی اور گھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوچکے ہیں اور زرعی ملک کے لوگ قطاروں میں لگ کر آٹا لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم نے 70سال میں ایک بار بھی اسلامی قیادت کو موقع نہیں دیا یہی وجہ ہے کہ ملک مسائلستان بن چکا ہے۔اگر قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دیتی تو آج پاکستان ایک اسلامی و فلاحی ملک ہوتا۔