جھگیوں میں آگ لگنے کا سبب بنے والے خاندان کو بستی والوں نے قبول کرنے سے انکار کر دیا ،

467

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کے علاقے تین ہٹی پل کے نیچے آتشزدگی سے متاثرہ خاندان ایک بار پھر آباد ہوگئے ، زندگی معمول پر آنے لگی، جھگیوں میں آگ لگنے کا سبب بنے والے خاندان کو بستی والوں نے قبول کرنے سے انکار کردیا، متاثرہ کچی آبادی میں چوری کا نیا دھندہ بھی شروع ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے تین ہٹی کے قریب جھگیوں میں آگ لگنے سے متاثرہ خاندانوں کی بڑی تعداد ابھی بھی کھلے آسمان تلے بیٹھی ہوئی ہے، سرکاری اور نجی سطح پر امداد کا سلسلہ جاری ہے،بعض متاثرین کہتے ہیں کہ آنے والی امداد لوٹ مار کی نظر ہورہی ہے،جھگیوں میں رہنے والے کہتے ہیں کھانا پینا ہی امداد نہیں، ہمیں گھر بنا کر دیے جائیں ، گزارا تو بھیک مانگ کر بھی کر لیں گے،آتشزدگی سے متاثر ہونے والی جھونپڑ پٹی میں ذندگی معمول پر آرہی ہے لیکن مکمل بحالی میں مزید کئی روز لگ سکتے ہیں۔

متاثرین کا مطالبہ ہے کہ ان کے لیے سر چھپانے کا بندوبست کیا جائے۔متاثرین نے بتایاکہ سخت سردی میں انھیں اپنے بچوں کے ساتھ شدید پریشانی کا سامنا ہے، سر چھپانے کے لیے کچھ جھونپڑیاں بنا کر دی گئی ہیں لیکن وہ نا کافی ہیں، حکومت فوری طور پر ہمارے سر چھپانے کا بندوبست کرے۔دوسری طرف محفوظ ٹھکانے نہ ہونے کے باعث تین ہٹی کی متاثرہ کچی آبادی میں چوری کا نیا دھندہ شروع ہو گیا ہے، امدادی سامان اسٹاک کر کے مارکیٹ میں بیچے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے،متاثرین نے شکوہ کیا کہ سامان انھیں دینے کی بجائے مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا ہے۔متاثرین نے شہریوں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ امدادی سامان خود لا کر تقسیم کریں۔

دوسری جانب جھگیوں میں آگ لگنے کا سبب بنے والے خاندان کو بستی والوں نے قبول کرنے سے انکار کردیا، برجو اور اسکے اہل خانہ پر بستی والوں نے تشدد کرتے ہوئے برجو کا سر پھاڑ دیا، پڑوسی خواتین اور مردوں نے مل کر برجو اسکی بھتیجی اور بھائی پر تشدد کیا ،برجو کو بستی چھوڑنے کے لئے تشدد کیا گیا اور اس کی جھگی بھی گرا دی۔

آتشزدگی سے نقصان کے بعد مختلف این جی اوز اور مخیر حضرات کی جانب سے ملنے والا امدادی سامان کو چھپانے کا ایس ایس پی سینٹرل نے نوٹس لے لیا ،ماڈل پولیس اسٹیشن لیاقت آباد  کے ایس ایچ او لیاقت حیات خان اور ڈی ایس پی خالد جاوید نے سارا چھپایا ہوا مال برآمد کرلیا ،ملنے والا امدادی سامان کی لسٹ تیار کرکے ایک ایک متاثرین تک پہنچایا ،ماڈل پولیس اسٹیشن لیاقت آباد کے انٹیلجنس کے جوانوں نے مندر میں چھپایا گیا امدادی مال کا سراغ لگایا ،پولیس نے میڈیا کے ساتھ مل کر چھپایا گیا امدادی سامان متاثرین میں بانٹ دیا لسٹ کے ذریعے ہر خاندان کو اس کا سامان دے دیا