امریکہ کی نئے ایرانی کمانڈر کو دی گئی دھمکی پر روس کا سخت رد عمل سامنے آگیا

376

موسکو: روس نے امریکہ کی نئے ایرانی کمانڈر بریگیڈیر جنرل اسماعیل قانی کو دی گئی دھمکیوں کو ناقابل قبول قرار دے دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے میڈیا سے گفتگو کی جس میں انہوں نے اسماعیل قانی کو قتل کرنے کی دی گئی امریکی دھمکی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس، امریکہ کی اس دھمکی کو مسترد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کا یہ بیان انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر مبنی اور قانونی حدود سے تجاوز کرتا ہے۔ عالمی ریاستوں کے نمائندگان کو ایسے بیانات دینے سے گریز کرنا چاہیے۔

امریکی دھمکی پر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی کا کہنا تھا کہ اسماعیل قانی کو دی گئی امریکہ کی اس دھمکی سے یہ واضح ہوچکا ہے کہ اب امریکہ ریاستی دہشت گردی کی مثال بن چکا ہے اور سرکاری سطح پر اس کی تشہیر کر کے اپنا اصل چہرہ دکھارہا ہے۔

موسوی نے کہا کہ اسرائیل کے بعد اب امریکہ دوسری حکومت ہے جس نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ اس نے اپنی حکومت اور مسلح افواج کے وسائل کو دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے استعمال کیا ہے اور آئندہ بھی وہ ان کو جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کا دہشت گردانہ کارروائیاں کرنا امریکی حکومت کے عہدیداروں میں کمزوری، مایوسی اور الجھن کی واضح علامت ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ نے 3 جنوری کو بغداد میں ڈرون حملہ کیا تھا جس میں ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی ہلاک ہوگئے تھے جس پر ایران نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے 8 جنوری کو عراق میں عین الاسد ائیر بیس پر درجنوں میزائل سے حملے کئے جس میں 11 امریکی فوجیوں سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔