پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ پولیس اہلکار زخمی ،ملزم اسلحہ سمیت گرفتار

560

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جمشید کوارٹرز میں پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، پولیس نے ایک ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ جمشید کوارٹر نے پولیس منشیات فروشوں کی موجودگی کی اطلاع پر جہانگیر روڈ نمبر ایک بلوچ پاڑے میں چھاپہ مار کارروائی کی ، منشیات فروشوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل بلال زخمی ہو گیا، زخمی ہونے والے اہلکار کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،

پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک منشیات فروش محمد امیر کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا ، گرفتار ملزم کے دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے، پولیس نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزم عادی جرائم پیشہ ہے، ملزم کے خلاف اقدام قتل، پولیس مقابلے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے،

آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے ایس ایس پی ایسٹ سے واقعہ کی تفصیلات طلب کر تے ہوئے زخمی پولیس اہلکار کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔