کے فور منصوبہ چین کی کمپنی کے پاس جانے کا امکان،

1086

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری)کے فور منصوبہ چین کی کمپنی کے پاس جانے کا امکان،کمپنی نے منصوبے کے ڈیزائن اور تعمیر کے لئے اپنی خدمات پیش کردی ہیں،چین کے گیز ہوبا گروپ کمپنی لمٹیڈ نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ایک خط کے ذریعے پانی کی فراہمی کے میگا پراجیکٹ میں شرکت میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے،

تفصیلات کے مطابق کراچی کو پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے ’کے فور‘ کی تکمیل کیلئے چین کی ایک کمپنی گیز ہوبا گروپ نے دلچسپی کا اظہار کردیا ہے۔ یہ منصوبہ 18 سال قبل شروع کیا گیا تھا جس پر 14 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ ہوچکی ہے تاہم یہ اب بھی نامکمل ہے، پاکستان میں کمپنی کے ایگزیکٹو جی ایم شی یو کا کہنا ہے کہ ہمیں پتہ چلا ہے کہ ناممکن ڈیزائن کے باعث معاملات خوش اسلوبی سے آگے نہیں بڑھ رہے، ہم ڈیزائن کی فراہمی اور تعمیر میں مدد فراہم کرسکتے ہیں ہماری کمپنی پانی کے سپلائی کے بڑے منصوبے پر کام کر چکی ہے،

چینی کمپنی نے وزیراعلیٰ کے سیکر ٹر ی کو 25 دسمبر 2019ء کو ارسال کیا گیا، جسے ضروری اقدامات کیلئے 17 جنوری 2020ء کو سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو بھیجا گیا ہے۔کمپنی نے خط میں مزید لکھا ہے کہ وہ ہائیڈرو پاور، قابل تجدید توانائی، روڈ اور پیٹرو کیمیکل منصوبوں پر کام کرچکی ہے،جس میں قابل ذکر 1.9 ارب ڈالر کا سو کی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، 3.3 ارب ڈالر کا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور 1.9 ارب ڈالر کا مہمند ڈیم ہیں۔کینجھر جھیل سے 121 کلو میٹر طویل کینال ’کے فور‘ کے ذریعے کراچی شہر کو پانی کی فراہمی کے منصوبے پر سندھ حکومت کو کافی دباؤ کا سامنا ہے۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ روشن علی شاہ نے ’کے فور‘ منصوبے پر غور کیلئے 27 جنوری کو اجلاس طلب کرلیا، قوی امکان ہے کہ چینی کمپنی کی پیشکش منظور کرلی جائے۔