وفاقی بیوروکریسی نے وزیراعظم ٹاسک فورس کی کئی سفارشات کی مخالفت کردی

464

وفاقی بیوروکریسی نےوزیراعظم عمران خان  کی  ٹاسک فورس کی کئی سفارشات پرتحفظات کا اظہار کر دیا۔

نجی ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ  وفاقی سیکرٹریز کی ٹاسک فورس نے ادارہ جاتی اصلاحات کی کئی سفارشات کی مخالفت  کردی ہے۔

وزیر اعظم نے ڈاکٹر عشرت حسین کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دی تھی جس نے  تبادلوں، تقرریوں اور ترقیوں سے متعلق سفارشات پیش کی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی بیوروکریسی کی17وزارتوں اور ڈویژنز میں ٹیکنیکل ایکسپرٹس کی تعیناتی کی مخالفت کی گئی ہے جب کہ سیکرٹریز کمیٹی کا کہنا ہے کہ سروس سے ہٹ کر افسران کو تعینات کرنے سے مفادات کا ٹکراؤ ہوگا۔

نجی ٹی وی کو موصول دستاویزات کے مطابق گریڈ19سے21کی کچھ پوسٹوں کوسرینڈرکرنے کی تجویز پر بیوروکریسی نے تحفظات کا اظہار کیا ہے، اسی طرح گریڈ 19سے21کی خالی پوسٹوں پر مسابقتی انٹرنل جاب سسٹم کے ذریعے تعیناتیوں کی بھی مخالفت کی گئی ہے۔

وفاقی بیوروکریسی نے سی ایس ایس کا نام تبدیل کرنے کی بھی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی ایس ایس سے “سپریئر” کا لفظ نہ نکالا جائے۔