سال کی سب سے بڑی ڈکیتی ریٹائرڈ کرنل کے گھر کا صفایا ، ملزمان3کروڑ روپے مالیت سے زائد کے زیورات،ملکی غیر ملکی کرنسی لوٹ کر فرار

1287

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا ہے، نامعلوم مسلح افراد نے پاک فوج کے ریٹائرڈ کرنل کے گھر کا صفایا کردیا،3کروڑ روپے مالیت سے زائد کے زیورات،ملکی غیر ملکی کرنسی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق صدر تھانے کی حدود میں 3 کروڑ سے زائد کی ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، نئے سال کے پہلے مہینے میں سب سے بڑی ڈکیتی صدر تھانے میں رپورٹ ہوئی ہے،3 کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی ریٹائرڈ کرنل کے گھر پیش آئی ہے، ڈکیتی کا مقدمہ صدر تھانے میں رمضان ملک کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے،مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ 19 جنوری 2020 کو 7 سے 8 ڈاکووں نے ان کے گھر میں داخل ہو کر اہل خانہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا، مدعی کرنل (ر) رمضان ملک نے تھانہ صدر کراچی میں درج کرائی جانے والی ایف آئی آر میں مو قف اپنایا ہے کہ ڈاکوو ں نے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا سونا، ایک کروڑ روپے کی غیر ملکی کرنسی اور 17 لاکھ روپے کی پاکستانی نقد رقم لوٹی ہے،

تھانے میں درج کرائی جانے والی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ 7سے 8 ڈکیتوں پر مشتمل گروہ گھر میں دستانے پہن کر داخل ہوا تھا اور اس نے تقریباً ایک گھنٹے تک رہ کر واردات کی، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اہل خانہ کو ڈاکوو ں نے ہاتھ پیر باندھ کر ایک کمرے میں بند کردیا تھا، ڈاکوو ں نے اہل خانہ کے منہ پر بھی کپڑا لپیٹ دیا تھا،مدعی کے مطابق ڈاکوو ں کا گروہ ان کے صاحبزادے علی کے کمرے میں موجود 5 لاکھ غیر ملکی کرنسی بھی ہمراہ لے گئے ہیں،

درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ واردات میں ملوث ڈاکوو ں کا گروہ کار میں سوار ہو کر آیا تھا، تھانہ صدر کراچی کے تفتیشی افسرنے اس ضمن میں بتایا ہے کہ مسلح افراد ایک کار میں آئے تھے،ملزمان کی تلاش جاری ہے لیکن ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔