پاک بنگلا دیش ٹی ٹوئنٹی ٹرافی کی رونمائی ،دونوں کپتانوں کی شرکت

353

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان اور بنگلادیش میں ٹی 20سیریز کیلئے قذافی اسٹیڈیم میں ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی، دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے تقریب میں شرکت کی۔قومی ٹیم کے کپتان کپتان بابر اعظم نے پریس کانفرنس میں مہمان کھلاڑیوں کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش کے خلاف بہترین نتائج دینے کی کوشش کریں گے، سری لنکا کے خلاف ہار کا کوئی پریشر نہیں ہے۔ آئی لینڈرز کی طرح غلطیاں نہیں دہرائیں گے بلکہ بنگلا دیش کے خلاف بہترین نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔کپتان نے کہا کہ ہوم گرائونڈ پر قیادت اعزاز کی بات ہے، بیٹنگ ہمارا اصل ہتھیار ہوگا ہمارے پاس نمبر 1 سے 9تک بہترین بیٹسمین موجود ہیں، بنگال ٹائیگرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ یا بولنگ کرنے کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کروں گا۔ میرے خیال میں اس وکٹ پر 180سے 190 اچھا اسکور ہوگا۔بابر اعظم نے کہا کہ بنگلا دیشی کھلاڑی اچھی کرکٹ کھیل کر آئے ہیں، مقابلہ خوب ہو گا۔ سیریز کے میچوں کے دوران بھی پچ سلو ہوگی۔بنگلادیشی کپتان محمود اللہ نے کہا کہ ہم پاکستان میں اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے، پاکستان ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم ہے لیکن ریٹنگ سے فرق نہیں پڑتا، بنگلا دیش پریمیئر لیگ سے کئی نئے کھلاڑی منظر عام پر آئے، تمیم اقبال، مستفیض الرحمان سمیت دیگر کھلاڑی موجود ہیں، سینئر کھلاڑیوں کی کمی ضرور محسوس ہو رہی ہے، سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی تحفظات نہیں، پاکستان میں کرکٹ کا بہترین ماحول ہے۔