دو سو نوے کلو میٹر تک مار کرنے والے غزنوی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

150

راولپنڈی(صباح نیوز) پاکستان نے زمین سے زمین تک ہدف کو نشانہ بنانے والے غزنوی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا،میزائل 290کلومیٹر زمین سے زمین تک مار کرنے اور مختلف قسم کے وارہیڈزلے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق غزنوی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے، تجربے کا مقصد دن اور رات کے وقت آپریشنل تیاریوں کو جانچنا تھا، غزنوی میزائل زمین سے زمین تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے، میزائل 290 کلومیٹر تک ہر قسم کے وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔غزنوی بیلسٹک میزائل تجربے کے وقت ڈی جی اسٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج، کمانڈر آرمی اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ، چیئرمین نیسکام، سینئر دفاعی افسران، انجینئرز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن نے آرمی اسٹریٹیجک فورسز کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ انہوں نے اسٹریٹجک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور اسٹریٹجک فورسز کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیراعظم عمران خان ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے کامیاب میزائل تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔