ملکہ برطانیہ نے بریگزٹ معاہدے کی توثیق کردی

357
لندن: ملکہ الزبتھ دوم کی توثیق سے قبل برطانوی دارالامرا اور دارالعوام میں قانون ساز بریگزٹ معاہدے پر حتمی بحث کررہے ہیں

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلا کے درمیان حائل تمام رکاوٹیں دور ہوگئیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق وزیر اعظم بورس جانسن کی بریگزٹ ڈٖیل کیک برطانوی پارلیمان سے منظور ہونے کے بعد ملکہ برطانیہ نے حتمی طور پر اس کی منظوری دے دی،جس کے بعد 31جنوری کو برطانیہ کے یورپی اتحاد سے علاحدہ ہونے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں رہی۔ پارلیمان کے ڈپٹی اسپیکر نائیجل ایوان نے تصدیق کی جمعرات کے روز ملکہ کی جانب سے دستخط کی گئی دستاویزات انہیں موصول ہوگئی ہیں ،جس کے بعد بریگزٹ ڈیل کو قانون کا حصہ تصور کیا جائے گا۔ خبررساں اداروں کے مطابق آج برسلز میں ایک اجلاس منعقد ہوگا،جس میں یورپی کمیشن کی خاتون صدر اوزولا فن اور یورپی کونسل کے صدر چارلس میشیل اس حوالے سے دستاویز پر دستخط کریں گے۔ برطانیہ کی یورپی یونین سے انخلا کی آخری مقررہ تاریخ 31 جنوری ہے۔ بدھ کے روز برطانوی ایوان زیریں یعنی دارالعوام نے ایوان بالا یعنی دارالامرا کی جانب سے چند مجوزہ ترامیم کو مسترد کر دیا تھا، جن میں بریگزٹ کے بعد پناہ گزینوں کے بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی شق بھی شامل تھی۔ 29جنوری کو یورپی یونین کی پارلیمان میں اس حوالے سے رائے شماری ہو گی۔ یاد رہے کہ 2016ء میں برطانیہ میں ہونے والے ایک ریفرنڈم میں 51.9فیصد شہریوں نے یورپی یونین کی رکنیت چھوڑنے کی تائید کی تھی، جس کے بعد ملک میں ایک سیاسی تنازع کھڑا ہوگیا تھا، جو اب بالآخر اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا ہے۔