پارکنگ پلازہ کی 250 سے زائد دکانوں اور دفاتر کی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کافیصلہ

439

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)ادارہ ترقیات کراچی نے لائنز ایریا (صدر) پارکنگ پلازہ کی 250 سے زائد دکانوں اور دفاتر کی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی فروری میں کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ادارہ ترقیات کراچی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا ہے کہ لائنز ایریا پارکنگ پلازہ کے گراؤنڈ اور میز نائن فلور پر 160 دکانوں اور چھٹے اور ساتویں فلور پر 118 دفاتر کی قرعہ اندازی فروری میں ہوگی، جس کی مانیٹرنگ کیلئے عالمی شہرت یافتہ کنسٹلنسی فرم اے ایف فرگوسن کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہری قرعہ اندازی میں شامل ہونے کیلئے فروری کے پہلے ہفتے میں یو بی ایل کی کسی بھی برانچ سے 3 ہزار روپے (ناقابل واپسی) کی ادائیگی پر فارم حاصل کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ لائنز ایریا پارکنگ پلازہ میں گراؤنڈ، میز نائن، چھٹے اور ساتویں فلور پر دکانیں ہیں جبکہ دیگر 5 فلورز پر پارکنگ کی سہولت دستیاب ہے۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر لائنز ایریا ری ڈیولپمنٹ مبین صدیقی کہتے ہیں کہ پارکنگ پلازہ میں دکان کی قیمت 50 لاکھ سے 70 لاکھ روپے کے درمیان ہوگی جبکہ آفس کی قیمت 10 لاکھ سے 30 لاکھ روپے تک ہوگی۔