رکن سندھ اسمبلی کے نام سے فیس بک پر 20جعلی آئی ڈیز کی تحقیقات ،

261

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی ٹیم نے جمعرات کو رکن سندھ اسمبلی کے نام پر فیس بک کی 20جعلی آئی ڈیز کی تحقیقات کے لیے سندھ اسمبلی پہنچ کر دعا بھٹو کا بیان قلمبند کرلیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد کی شکایت پر ایف آئی اے دعا بھٹو کے خلاف متحرک ہوگئی ہے۔ پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی دعا بھٹو نے ایف آئی اے کو دئیے گئے تحریری بیان میں موقف اختیار کیا کہ میرا ان جعلی آئی ڈیز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ہم خود جعلی آئی ڈیز کی وجہ پریشان ہیں۔ایف آئی اے ان جعلی آئی ڈیز کی تحقیقات کرے۔ انہوں نے بیان میں مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر جعلی آئی ڈیز کا کلچر ختم ہونا چاہئیے ان جعلی آئی ڈیز کا پتہ لگانا ایف آئی اے سائبر کرائم سمیت متعلقہ اداروں کا کام ہے۔

ایف آئی اے سائبر کرائم کے اہلکار تقریبا نصف گھنٹے سندھ اسمبلی میں موجود رہے اس موقع پر پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ بھی موجود تھے