چینی قونصل جنرل اگلے ماہ کراچی پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب کریں گے

256

کراچی میں تعینات چین کے قونصل جنرل لی بی جیان اگلے ماہ کراچی پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب کریں گے۔

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چین کے قونصل جنرل لی بی جیان کی دعوت پر کراچی پریس کلب کے  نو منتخب عہدیداروں اور سینئر اراکین نے چین کے قونصل جنرل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چین کے قونصل جنرل سے ملاقات کی۔نئی دہلی میں واقع چین کے سفارتخانے میں پانچ سال تک خدمات انجام دینے کے بعد لی بی جیان کو قونصل جنرل کراچی تعینات کیا گیا ہے۔

ملاقات میں کراچی پریس کلب کے سیکریٹری ارمان صابر نے کراچی پریس کلب کے کردار اور تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا۔

چین کے قونصل جنرل نے کراچی پریس کلب کے جمہوریت اور آزادی اظہارِ رائے کے سلسلے میں کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور چین کے صحافیوں کے درمیان ایکسچینج پروگرام ہونے چاہیے اور دونوں ممالک کے صحافیوں کو ایک دوسرے ملکوں کو قریب سے جاننے کے لیے دورے کرنے چاہیے۔

سیکرٹری ارمان صابر اور صدر امتیاز خان فاران نے قونصل جنرل کی تجویز کو سراہتے ہوئے اس کی حمایت کی۔ارمان صابر نے چین کے قونصل جنرل کو کراچی پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرنے کی دعوت دی جسے قونصل جنرل نے قبول کرلیا،وہ اگلے ماہ کراچی پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب کریں گے۔

ملاقات میں صدر امتیاز خان فاران، نائب صدر سعید سربازی، جوائنٹ سیکرٹری ثاقب صغیر، خازن راجہ کامران، سیکرٹری پی ایف یو جے سہیل افضل خان، سابق سیکرٹری کراچی پریس کلب اے ایچ خانزادہ اور طاہر حسن خان بھی موجود تھے۔