مسلمان مساجد میں اسلحے کے ذخائر جمع کر رہے ہیں، بھارتی رکن اسمبلی کا الزام

278

بھارتی قانون ساز اسمبلی کرناٹک کے رکن نے مسلمانوں پر مساجد میں اسلحے کے ذخائر جمع کرنے کا بھونڈا الزام عائد کردیا۔

رکن کرناٹک اسمبلی ایم پی رینوکا چاریہ نے شہریت قانون کے حق میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں پر الزام عائد کیا کہ مسلمان مساجد میں عبادت کرنے کے بجائے اسلحے کے ذخائر جمع کر رہے ہیں۔

ایم پی رینوکا چاریہ نے کہا ہے کہ مسلمانوں نے مساجد میں خطرناک ہتھیار، تلوار اور چاقو رکھے ہوئے ہیں، مساجد میں انہیں درس دینے کے بجائے ہمارے خلاف فتوے دیے جاتے ہیں۔

انہوں نے مسلمانوں سے انتقام لینے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں نے شہریت قانون کی حمایت نہیں کی لہٰذا میں اپنے حلقہ انتخاب میں فلاحی فنڈز مسلمانوں کے بجائے ہندوؤں پر صرف کروں گا۔

رینوکا چاریہ نے کہا ہے کہ اگر مسلمان ہماری جماعت (بھارتیہ جنتا پارٹی) کو اپنے لیے دشمن سمجھتے ہیں تو ہم بھی انہیں اس وقت تک نظرانداز کریں گے جب تک وہ ہماری پالیسیوں کی حمایت نہیں کرتے۔

دوسری جانب رینوکا چاریہ کی اپنی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے ان کے بیان کی حمایت نہیں کی۔

حکمراں پارٹی بی جے پی کے ترجمان نے رینوکا چاریہ کے بیان کو ان کی ذاتی رائے قرار دیا ہے۔