محکمہ اینٹی کرپشن ایسٹ زون کی کارروائی دہری ملازمت کرنے والا ملزم گرفتار

245

کراچی( اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اینٹی کرپشن سہیل انور سیال کی ہدایت پر بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اس ضمن میں محکمہ اینٹی کرپشن ایسٹ زون نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے دہری ملازمت کرنے والے ملزم نادرخان کو گرفتار کرلیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایسٹ زون ضمیر عباسی کے مطابق مجسٹریٹ کی موجودگی میں گورنمنٹ ڈگری کالج گلستان جوہر میں چھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے ملزم نادر خان کو گرفتار کرلیا گیا، جب کہ سیلری سلپ اور بائیو میٹرک حاضری کا ریکارڈ ضبط کرنے کے بعد ملزم نادرخان کے پاس سے یونین کونسل 40 لیاقت آباد محکمہ لوکل گورنمنٹ حکومت سندھ کی سیلری سلپ بھی برآمد کرلی گئی ہے،

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم نادرخان 50 فیصد تنخواہ یوسی سیکریٹری کو دیتا تھا، ملزم کو جعلی حاضری فراہم کرنے والے یوسی سیکریٹری کو بھی مقدمے میں نامزد کرتے ہوئے اینٹی کرپشن نے لیاقت آباد یوسی 40 کے سیکریٹری سلمان کو بھی گرفتار کرلیا ہے،

گرفتار سیکریٹری گھوسٹ ملازمین کو جعلی حاضری رجسٹر فراہم کرتا ہے،ملزم نے محکمہ تعلیم کے گرفتار ملازم نادر خان کو بھی جعلی حاضری رجسٹر فراہم کیا تھا، تحقیقات کے مطابق مزید 8 ملزمان غیر قانونی طور پر دہری ملازمت کر رہے ہیں جس کے باعث سرکاری خزانے کو مسلسل نقصان پہنچ رہا ہے،اس ضمن میں تحقیقات کے دائرے کار کو مزید وسعت دینے کا عندیہ دیا گیا ہے۔