پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا حکومت میں بھی اختلافات شدت اختیار کر گئے

230

پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا حکومت میں بھی اختلافات کھل کر سامنے آگئے، وزراعلیٰ محمود خان  اور سینیر وزیر عاطف خان کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔

نجی ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور سینیر صوبائی وزیر میں اختلافات میں شدت صوبائی کابینہ میں حالیہ ردوبدل میں مشاورت نہ کرنے پر پیدا ہوئی، سینیر وزیر عاطف خان کابینہ میں دو ایم پی ایز شامل کرانا چاہتے تھے جب کہ  وزیراعلیٰ محمود خان نے عاطف خان کے نامزد ایم پی ایز کو شامل کرنے سے انکار کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیر وزیرعاطف خان وزارت اعلیٰ نہ ملنے پر شروع دن سے خفا ہیں، اختلافات کی وجہ شہرام ترکئی سے محکمہ بلدیات کی وزارت واپس لینا بھی تھا، وزیراعلیٰ سابق وزیر بلدیات شہرام ترکئی سے بی آر ٹی منصوبے پر ناراض تھے۔

ذرائع کے مطابق سینیر وزیر عاطف خان پر ایم پی ایز کا الگ گروپ بنانے کیلیے کوشاں ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی عوام کی خدمت اور عمران خان کے وژن کو آگے بڑھانے پر متفق ہے۔