بے روزگار نوجوانوں سے لوٹے گئے لاکھوں روپے واپس کرائے جائیں

143

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد بے روزگار ایکشن کمیٹی اور سول سوسائٹی کی جانب سے سرکاری نوکریاں دلانے کے بہانے لاکھوں روپے لوٹنے والے ریڈیو، ٹی وی کے فنکاروں مظہر علی قریشی اور اس کے بھائی نذر حسین قریشی کے خلاف 12ویں روز بھی حیدرآباد پریس کلب کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال کی گئی ، اس موقع پر بیروزگار ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں زاہد قریشی،ذوالقرنین مر زا، راحیل میمن اور پ ٹ الف کے رہنما ظہیرمرزا سمیت دیگر نے الزام عائد کیا کہ ریڈیو ٹی وی کے سابقہ فنکار بھائیو ں مظہر علی قریشی اور نذر حسین قریشی نے خود کو ایم پی اے فریال تالپور اور وزیر اعلیٰ ہائوس کے قریبی افراد ظاہر کرکے حیدر آباد سمیت مختلف شہروں سے سیکڑوں بے روزگار نوجوانوں سے کروڑوں روپے وصول کرکے انہیں سندھ کے مختلف سرکاری اداروں میں نوکریوں کے جعلی آرڈر دے کر فراڈ کیا ہے اور بعد میں نوکریوں کے آرڈر جعلی ثابت ہونے پردونوں بھائیوں نے بے روزگار نوجوانوں کو پیسے واپس کرنے کے بجائے انہیں خاموش نہ رہنے کی صورت میں جھوٹے کیسوں میں ملوث کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ دونوں فنکار بھائیوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کرکے بے روزگار نوجوانوں سے لوٹے گئے لاکھوں روپے واپس کرا کر پارٹی اور پارٹی قیادت کی ساکھ کو بچایا جائے۔