مقابلے بچوں کی ذہنی و جسمانی توانائی کو پروان چڑھاتے ہیں، طیب حسین

123

حیدر آباد(اسٹاف رپورٹر) قومیں وہی ترقی کرتی ہیں جو اپنی نسلوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرتی ہیں، علم کے بغیر ترقی ناممکن ہے، ہمارے دین میں بھی علم کا حصول ہر مسلمان مرداور عورت پر فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہار مئیر حیدرآباد سید طیب حسین نے دی زئیز سٹم آف اسکول کے زیر اہتمام ڈاسٹیڈیم لطیف آباد نمبر 6 میں منعقدہ اسکول کی 10 سالہ تقریب اور اسپورٹس دے کے موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی صابر حسین قائم خانی، ایم پی اے ندیم صدیقی، سابق چیئرمین انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی پروفیسر انوار احمد زئی، کنٹرولر حیدرآباد بورڈ مسرور احمد زئی، پرنسپل دی زئیز سٹم آف اسکول مشکور احمد زئی، طلبہ و طالبات اور والدین و دیگر شریک تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ و طالبات کے درمیان کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد سے بچوں میں حصول تعلیم کا جذبہ مزید توانا ہوتا ہے، یہ مقابلے بچوں کی ذہنی و جسمانی توانائی کو پروان چڑھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دی زئیز اسکول کی جانب سے ایک شاندار اور خوبصورت اسپورٹس ڈے کا انعقاد طلبہ و طالبات کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گا اور یہ امر قابل ستائش اور قابل تقلید ہے اور اس بہترین اسپورٹس ڈے کے انعقاد پر اسکول کے پرنسپل مشکور احمد زئی سمیت ان کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔ تقریب میں میئر حیدرآباد سید طیب حسین نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ مختلف مقابلوں میں نمایاں طلبہ و طالبات میں ٹرافیاں و دیگر انعامات تقسیم کیے۔