FPCCI نے افتخار ملک کو سارک چیمبر کا نیا صدر بنانے کی منطوری دے دی

381

کراچی( اسٹاف رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ(یو بی جی) کے چیئرمین ،سینئرنائب صدرسارک چیمبر آف کامرس افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ میری سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں 29سال کی طویل جدوجہد، سارک سیکریٹریٹ پاکستان لانے اور سارک کی اسلام آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ کی تعمیرپر ایف پی سی سی آئی میں بزنس مین پینل اور یونائٹیڈ بزنس گروپ کی قیادت نے اتفاق رائے سے انہیں سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا نیا صدر منتخب ہونے کی منظوری دے دی ہے اور وہ مارچ میں سارک کے نئے صدر کا منصب سنبھالیں گے۔میڈیاسے گفتگو میں افتخار علی ملک نے کہا کہ میں نے یو بی جی لیڈران سے باہمی مشاورت کے بعد ایف پی سی سی آئی کے منتخب صدرانجم نثار سے ملاقات کی تھی ،اس ملاقات میں سینیٹرحاجی غلام علی،خواجہ شاہ زیب،شیخ محمداسلم اورحمیداخترچڈھا بھی موجود تھے،میں نے فیڈریشن کی سیاست سے بالا تر ہوکر میاں انجم نثار کومبارکباد پیش کی ،بزنس مین پینل کے رہنمائوں نے سارک کے لیے میری طویل خدمات کو سراہتے ہوئے یہ تسلیم کیا کہ اسلام آباد میں بننے والی سارک کی اسٹیٹ آف دی آرٹ 9منزلہ بلڈنگ بنائی اور آخری مراحل میں ہے تاہم اس کی تکمیل ایک چیلنج ہے کیونکہ بہت سے واجبات ہیں۔افتخار علی ملک نے کہا کہ انجم نثار اور دیگر رہنمائوں نے میری سارک کے لیے 29سال کی سروسز اور سارک کے مرکزی سیکریٹریٹ کی اسلام آباد منتقلی اور سارک کے ممبر8ممالک میں میں میرے وسیع ترتجربے کو مدنظر رکھ کر باہمی طور پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ سارک کا آئندہ صدر میں(افتخارعلی ملک)ہوں گا۔افتخار علی ملک نے کہا کہ جس طرح چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ملک کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا عزم کررکھا ہے اسی طرح میں بزنس کمیونٹی کی جانب سے امن کا فیلڈمارشل بن کر ملک کی نوجوان نسل کے ذریعے ملکی معیشت کو استحکام دینے، بے روزگاری دور کرنے کی جدوجہد جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ سائوتھ ایشیا میں علاقائی تعاون بڑھانے کے لیے میرا مشن جاری رہے گا،میری یہی کوشش ہوگی کہ سارک ممالک بھارت،سری لنکا، افغانستان، نیپال، بنگلہ دیش،مالدیپ،بھوٹان سے اچھے تعلقات ہوں۔