آئی جی کے معاملے پر وفاقی حکومت سے مشاورت جاری ہے، مرتضیٰ وہاب

404
کراچی: صوبائی مشیر ماحولیات مرتضیٰ وہاب میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر قانون و ماحولیات اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سندھ اسمبلی کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی جی سندھ پولیسنگ پر توجہ دیں،وہ محاذ آرائی میں پروفیشنل بننے کے بجائے پولیٹیکل بنتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی کا کام ملاقاتیں کرنا نہیں ہے بلکہ بہترین پولیسنگ کا کردار ادا کرنا ہے،اس معاملے پر کوئی بحران پیدا نہیں ہوا بلکہ وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت جاری ہے اور امید ہے جس طرح پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صوبائی مشاورت کے زمرے میں اقدامات اٹھائے گئے اسی طرح وفاقی حکومت سندھ کی رائے کا احترام کرے، وزیراعظم اس وقت بیرون ملک دورے پر ہیں ان کی وطن واپسی پر یہ معاملہ احسن طریقے سے حل کرلیا جائے گا ۔صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کے نااہل رہنما بریکنگ نیوز اور خبریں بنانے کے بجائے سامنے آئیں اور عوام کی خدمت کریں، ڈیڑھ سال ہونے کو آرہا ہے مگر ان نااہل حکمرانوں کو باتیں کرنے سے ہی فرصت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آٹے کا بحران سندھ حکومت نے پیدا کیا؟ وہاں تو تحریک انصاف کی لاڈلی حکومت ہے،ان کو صرف سندھ حکومت کا فوبیا ہوچکاہے، تحریک انصاف نے آٹے کے بحران سے نمٹنے کے بجائے اپنی توپوں کا رخ سندھ حکومت کی جانب کردیا،کیا گندم امپورٹ کرنے کا فیصلہ سندھ حکومت نے کیا ہے جس کی مخالفت اب وفاقی وزرا بھی کر رہے ہیں مگر یہ عقل و شعور سے عاری ہیں ان کو عوامی ریلیف کا احساس تک نہیں ہے ۔